حکومتی نمائندوں نے کرپشن اور پلاٹوں کی سیاست کے سوا کچھ نہیں کیا، میاں مقصود

165

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنے اقتدار کے سوا چار سال گزار چکی مگر اس نے جو بلند وبانگ دعوے کیے تھے کہیں بھی پورے ہوتے ہوئے نظر نہیں آرہے۔ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ ابھی تک برقرار ہے، مہنگائی اور بے روزگاری بڑھتی جارہی ہے۔ کرپشن کے بڑے بڑے اسکینڈل سامنے آرہے ہیں۔ لاقانونیت حد سے بڑھ چکی ہے، قرض پہ قرض لیے جارہے ہیں اورنئے نئے ٹیکس لگاکر عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹاجارہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ پورے ملک میں مہنگائی کا طوفان خوفناک حد تک بڑھ گیا ہے۔ سبزیاں، پھل اور روزمرہ کی اشیائے ضروریہ غریب عوام کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں۔ ایسا لگتا ہے جیسے ملک میں حکومت نام کی کوئی شے نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں اس وقت مخلص اور محب وطن سیاسی قیادت کافقدان ہے۔جب تک ملک کوحقیقی معنوں میں عوام دوست حکمران نصیب نہیں ہوتے پاکستان ترقی وخوشحالی کی منازل طے نہیں کرسکتا۔



انہوں نے کہاکہ ملک ایک طرف مہنگائی،بے روزگاری، لاقانونیت، دہشت گردی اور توانائی بحران جیسے سنگین مسائل کاشکار ہے تودوسری جانب کرپشن کے ناسور نے پورے نظام کومفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔اب تک جو بھی حکومت آئی ہے اس کے نمائندوں نے لوٹ مار،کرپشن اور پلاٹوں کی سیاست کے سواکچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ دولت پرستی،آسائش پسندی اور معیار پرستی نے حلال وحرام کی تمیز ختم کردی ہے۔ دولت چند ہاتھوں تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ امیر پہلے سے زیادہ امیر اور غریب مزید غریب ہوچکا ہے۔ ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج ہے۔ ظلم واستحصال، بے روزگاری، ناخواندگی، بدامنی کاخاتمہ کیے بغیر دنیا میں باعزت اور باوقار مقام حاصل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے کہ عوام آئندہ الیکشن میں محب وطن، باکردار، پڑھی لکھی اور کرپشن سے پاک بے داغ قیادت کواقتدار کے ایوانوں میں بٹھائیں۔