احتساب عدالت پرحملہ 97ء کا تسلسل ہے ،شمس الرحمن سواتی

146

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر شمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ ن لیگ کی جانب سے احتساب عدالت میں ایک بارپھر97ء کی تاریخ دہرائی گئی عدالتوں پرحملہ اورججز کوہراساں کرنا شریف فورس کا پرانا وطیرہ ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جے آئی یوتھ انٹراپارٹی الیکشن کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس اور ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈپٹی جنرل سیکرٹری غلام مجتبیٰ عباسی، ضلعی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان، ضلعی صدر جے آئی یوتھ سردار تفہیم اعظم، ملک الیاس، سردار رفیع الدین سمیت دیگرذمے داران بھی موجود تھے ۔شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے فرد جرم کے حوالے سے ریلیف نہ ملنے کے بعد پلان بی کے تحت لیگی کارکنان اور کالے کوٹوں میں ملبوس ان کے گلوبٹ نے عدالت کے اندراورباہرہنگامہ آرائی کی ،احتساب عدالت کے جج کا گھیراؤ کرکے انہیں ہراساں کرکے عدالتی کارروائی میں رکاوٹ ڈالی گئی، جس کے باعث احتساب جج کو اپنے چیمبر میں جانا پڑا، ن لیگ ایسے حالات پیداکرکے سیاسی شہید بنناچاہتی ہے لیکن قوم عدلیہ کوگلو بٹوں اور کرپٹ مافیا کے دفاع کے عوض وزارتیں لینے والوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ سے گزارش ہے کہ وہ ان عناصرکی جانب سے چوروں کے احتساب میں رکاوٹ ڈالنے کا نوٹس لیتے ہوئے احتساب عدالت میں ہونے والی غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصرکے خلاف مقدمات درج کروا کر انہیں گرفتارکرنے کے احکامات جاری کرے۔