کراچی (اسٹاف رپورٹر) گڈ لک سی سی نے اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ سیمی فائنل میں بھی جاری رکھا جب انہوں نے پاک فرمان کا140رنز کا ہدف باآسانی 5وکٹوں پر حاصل کرکے اکرام الدین نوری ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنالی جہاں منٹگمری جیم خانہ ان کی منتظر ہوگی۔ جس نے پہلے سیمی فائنل میں میزبان قذافی جیم خانہ کو 7وکٹوں کی ہزیمت سے دوچار کیا تھا۔فاتح ٹیم کے عاطف خان ، عبدالرحمن اور دانش عالم نے اپنی عمدہ بیٹنگ سے فتح کو آسان بنایا
جبکہ عمر بہادر نے اپنی عمدہ بولنگ سے حریف ٹیم کو 139رنز پر محدود کیا۔عبید نور اور ایاز خان کی عمدہ کارکردگی ان کی ٹیم کے کام نہ آسکی۔ قذافی جیم خانہ ، کے سی سی اے زون 2کے زیر اہتمام ٹی ایم سی گراؤنڈ پر کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں پاک فرمان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز کے اختتام پر 8وکٹوں پر 139رنز اسکور بک میں درج کرائے۔نویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنے والے عبید نور نے 3چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 37رنز بنا کر اپنی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ عنایت اﷲ نے 2چوکے اور ایک چھکا لگا کر 26رنز جوڑے۔ یاسین بدر کے 24رنزمیں 5چوکے شامل تھے۔عذیر رحیم نے 16رنز اسکور کئے۔
عمربہادر نے عمدہ بولنگ کی اور 21رنز پر 3حریف بلے بازوں کو چلتا کیا۔ محمد رحمن نے 21رنز اور ندیم خان 26رنز کے عوض 2,2کھلاڑیوں کو میدان سے رخصت کرنے کا سبب بنے۔گڈ لک سی سی نے جوابی اننگز میں مطلوبہ ہدف کو 15.5اوورز میں حاصل کرلیا ۔جب 5وکٹوں پر 140رنز جوڑ لئے گئے۔عاطف خان 38رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکورر رہے۔ جس میں 3چوکے شامل تھے۔عبدالرحمن نے 2چوکے اور ایک چھکا لگا کر 32رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑیوں کے مابین تیسری وکٹ پر 60رنز کی رفاقت قائم ہوئی۔ دانش عالم کے 31رنز 3چھکوں اور 2چوکوں کی مدد سے بنائے گئے۔
خیال نور کے20رنز 3چوکوں پر مشتمل تھے۔ایاز خان کو 32رنز پر 2وکٹیں ملیں۔ایک ایک وکٹ محمد معاز اور ادیب عباس کے حصہ میں آئیں۔ایمپائیرز ضیاء عباس اور محمد یونس جبکہ آفیشل اسکورر سید تیمور عالم تھے۔