آکلینڈ (جسارت نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ چیمپئن شپ اور ون ڈے انٹرنیشنل لیگ کی منظوری دے دی، 2019ء تک آزمائشی بنیادوں پر چار روزہ ٹیسٹ میچز کے انعقاد کی بھی منظوری دے دی گئی ہے جس کے بعد جنوبی افریقا اور زمبابوے کے درمیان رواں سال باکسنگ ڈے پر چار روزہ میچ کو بھی ٹیسٹ درجہ ملنے کا امکان بڑھ گیا ہے۔ جمعہ کو آکلینڈ میں آئی سی سی بورڈ نے ٹیسٹ چیمپئن شپ، ون ڈے انٹرنیشنل لیگ سمیت آزمائشی بنیادوں پر چار روزہ ٹیسٹ میچز کے انعقاد کی باضابطہ طور پر منظوری دے دی ہے، آئی سی سی بورڈ نے چیف ایگزیکٹو اور دیگر ذیلی کمیٹیوں کی سفارشات پر یہ فیصلے کئے، پہلی ٹیسٹ چیمپئن شپ 2019ء میں شیڈول آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد کھیلی جائے گی، چیمپئن شپ میں ٹاپ نو ٹیموں کے درمیان دو برس کے دوران ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر چھ سیریز کھیلی جائیں گی اور ہر سیریز میں کم از کم دو میچز ہوں گے، تمام میچز پانچ روز پر مشتمل ہوں گے، ٹاپ دو ٹیموں کے درمیان اپریل 2021ء میں پلے آف میچ میں مدمقابل ہوں گی اور دو ماہ بعد انگلینڈ میں فائنل کھیلا جائے گا۔ زمبابوے، افغانستان اور آئرلینڈ ابتدائی طور پر ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ نہیں ہوں گی لیکن چار روزہ سیریز کی منظوری کے بعد انہیں زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ سیریز کھیلنے کا موقع ملے گا۔ اس کے علاوہ آزمائشی بنیادوں پر چار روزہ ٹیسٹ میچز کی بھی منظوری دی گئی ہے جو کہ ورلڈ کپ 2019ء تک کھیلے جائیں گے اور ان کی میزبانی انگلینڈ کرے گا۔ ون ڈے انٹرنیشنل لیگ کا آغاز 2021ء سے ہو گا جس میں دنیائے کرکٹ کی 13 ٹیمیں حصہ لیں گی، ون ڈے انٹرنیشنل لیگ ورلڈ کپ کے حوالے سے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ تصور ہو گا، نئی لیگ کے تحت 13 ٹیمیں تین برس کے دوران آٹھ سیریز کھیلیں گی اور ہر سیریز تین میچز پر مشتمل ہو گی، 2023ء میں شیڈول ون ڈے ورلڈ کپ کے پیش نظر پہلی لیگ کا دورانیہ دو برس ہو گا جس کے بعد اسے تین برس کر دیا جائے گا۔ آئی سی سی چیئرمین ششانک منوہر نے اپنے بیان میں کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کے وسیع مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلے کئے گئے ہیں، ٹیسٹ چیمپئن شپ کے انعقاد سے شائقین کرکٹ کی اس فارمیٹ میں دلچسپی بھی بڑھے گی اور انہیں دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔