چالس اسپراگ کو حاصل ہواانڈر17 ورلڈکپ میں100واں گول کرنے کا اعزاز

164

نیوزی لینڈ کے فاروڈ چالس اسپراگ نے 17 سال سے کم عمر کھلاڑیوں کے عالمی کپ میں100واں گول کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے نئی دہلی کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں23,112 تماشائیوں کی موجودگی میں ایسا کیا۔ وہ مالی کے خلاف میچ کے72 ویں منٹ میں گول کرنے میں کامیاب رہے۔ انکی ٹیم گروپ بی کا آخری میچ 1-3 سے ہاری۔ اس جیت کے ساتھ مالی نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی ۔نیوزی لینڈنے اس گروپ میں تیسرا مقام حاصل کیا اسکے اگلے راؤنڈ میں داخل ہونے کی امید تو ہے مگر اس کو اسکے لئے پہلا راؤنڈ مکمل ہونے کا انتظار کرنا پڑے گا۔
اس ٹورنامنٹ میں ابھی پہلے راؤنٖڈ کے4 میچ کھیلے جانے باقی ہیں مگر گول کی تعداد 100سے زیادہ ہوچکی ہے۔ابھی 20 میچ ہونا باقی ہیں جن میں کم از کم30گول ہونے کی امید ہے۔4 سال قبل چلی میں ہوئے عالمی کپ میں52 میچوں میں151گول ہوئے تھے۔ اوسط ہر میچ میں2.90 گول ہوئے تھے جبکہ موجودہ عالمی کپ میں ہر میچ میں ابھی تک اوسط3.64 گول ہوئے ہیں۔اگر آنے والے میچوں میں یہی سلسلہ برقرار رہا تو ایک عالمی کپ میں سب سے زیادہ گول کا ریکارڈ بھی بن سکتا ہے۔



میچ کے بعد جب چالس اسپراگ کو بتایا گیا کہ انہوں نے اس ٹورنامنٹ کا 100واں گول کیا ہے تو انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ میں نے ایسا کیا ہے۔ اگر میرا گول100واں ہے تویہ میرے لئے بڑا اعزاز ہے۔ یکم مارچ 2000 کو پیدا ہوئےُ چالس اسپراگ نے اس ٹورنامنٹ سے قبل کسی بڑے ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کی تھی اس لئے وہ کوئی گول بھی نہیں کر پائے تھے۔
اس میچ سے قبل بھارت نے اپنے گروپ کا آخری میچ کھیلا جس میں اسے گھا نا نے 4-0 سے شکست دی۔ بھارت کی اس عالمی کپ میں سب سے بڑی شکست تھی۔ اس سے قبل اسے ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں امریکا نے3-0 سے ہرایا تھا۔ بھارت کو میزبان ہونے کی وجہ سے پہلی مرتبہ 17 سال سے کم عمر کھلاڑیوں کے عالمی کپ میں شرکت کرنے کا موقع ملا تھا۔



جیکسن سنگھ کو بھارت کے لئے 17 سال سے کم عمر کھلاڑیوں کے عالمی کپ میں پہلا گول کرنے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔ انہوں نے کولمبیا کے خلاف ایسا کیا تھا۔ جیکسن سنگھ ایسا کرنے کے بعد بھارت فٹ بال کی تاریخ کا حصہ بن گئے ۔گروپ اے سے میزبان بھارت کے علاوہ تمام تینوں ٹیمیں دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئی ہیں۔ تینوں ٹیموں نے6,6 پوائنتس کے ساتھ ایسا کیا۔ گھانا نے اچھے گول فرق کے ساتھ پہلا مقام حاصل کیا جبکہ کولمبیا نے دوسرا اور امریکانے تیسرا مقام حاصل کیا کیونکہ کولمبیا نے امریکا کو ہرایا تھا اس لئے اسے امریکاسے برابر پوانٹس کے باوجود دوسرا مقام ملا۔ کولمبیا نے امریکا کے خلاف3-1 کامیابی حاصل کی تھی۔
اس ٹورنامنٹ کا دوسرا راؤنڈ16 اکتوبر سے شروع ہوگا اور پہلے 2 میچ نئی دہلی کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں ہی کھیلے جائیں گے۔