خالد لطیف کیخلاف 75صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری

145

لاہور(جسارت نیوز ) ا سپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث کرکٹر خالد لطیف پر پی سی بی کی طرف سے لگائے گئے فکسنگ کے الزامات درست ثابت ہوگئے ۔ اینٹی کرپشن ٹریبونل نے پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث خالد لطیف کیخلاف 75صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کردیاجس میں پی سی بی کی جانب سے عائد کئے جانے والے تمام الزامات درست تسلیم کئے گئے ہیں،ان میں فکسنگ کیساتھ دیگر کرکٹرز کو اکسانے کا الزام بھی ثابت ہوگیا ہے،تفصیلی فیصلے کی کاپی پیر یا منگل کو فریقین کو فراہم کردی جائے گی،میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے کہا کہ تفصیلات میں خالد لطیف کیخلاف تمام تر الزامات ثابت ہوئے ہیں،ناصر جمشید کیساتھ واٹس ایپ پیغامات کے تبادلے میں ہی ہر چیز واضح ہوجاتی ہے،بکی یوسف کو اوپنر دبئی میں 2 مرتبہ ملے،اس کی دی ہوئی گرپس بھی ان کے بیٹ پر چڑھی ہوئی تھیں،وہ شرجیل خان کو بھی بکی سے ملوانے کیلئے لے کر گئے۔ انہوں نے کہا کہ تفصیلی فیصلے کی کاپی پیر یا منگل کو موصول ہونے کے بعد 14روز میں فریقین اپیل کا حق استعمال کرسکتے ہیں۔یاد رہے کہ ااسپاٹ فکسنگ کیس میں خالد لطیف کو 5سال پابندی کی سزا سنائی جاچکی ہے۔دوسری طرف ا سپاٹ فکسنگ کیس میں سزاپانے والے شرجیل خان کی اپیل کی سماعت 18اکتوبر کو ہوگی، فروری میں سامنے آنے والے اسکینڈل میں ملوث اوپنر کا کیس اینٹی کرپشن ٹریبونل میں پیش ہوا تھا جس کے بعد انہیں ڈھائی سال کی معطلی سمیت 5سال پابندی کی سزا سنائی گئی تھی،اپیل کا حق استعمال کرتے ہوئے شرجیل خان نے فیصلے کواور پی سی بی نے کم سزا کو چیلنج کررکھا ہے،اپیل کی سماعت کیلئے جسٹس(ر)فقیر محمد کھوکھر کا تقرر کردیا گیا تھاجنہوں نے کارروائی کا آغاز کرنے کیلئے 18اکتوبر کو فریقین کو طلب کرلیا ہے۔