لاہور(نمائندہ جسارت) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ طویل عرصے کے بعد پنجاب میں تیل اورگیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں جس پر ہم سب اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں شکربجالاتے ہیں۔ پنجاب کے علاقے اٹک میں دریافت ہونے والے گیس اورتیل کے یہ قدرتی وسائل ملک کے 21کروڑ عوام کی ملکیت ہیں اور پاکستان کا اثاثہ ہیں۔ خیبر پختونخواہ میں گیس کے ذخائردریافت ہوئے تو وہاں کی حکومت ہائی کورٹ سے اسٹے آڈرلے آئی لیکن ہم ایسا نہیں کریں گے کیوں کہ یہ وسائل پوری قوم کی امانت
ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ا ن خیالات کا اظہار آج اٹک میں تیل اورگیس کے منصوبے جھنڈیال 1 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج جس جگہ پر ہم موجود ہیں یہاں سے روزانہ2500 بیرل تیل ملے گا جس سے قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی اورگیس کے قدرتی وسائل میں اضافہ ہوگا۔ اس کنویں میں اعلی معیار کی گیس اور تیل ملی ہے جس کا پریشر بھی اچھا ہے، اس نعمت پر اللہ تعالیٰ کاجتنا بھی شکر ادا کریں کم ہے۔ قدرت نے پاکستان کو بے شمار وسائل اورنعمتوں سے نوازا ہے۔ محنت، امانت اوردیانت کے ساتھ ان وسائل سے فائدہ لے کر عام آدمی کی زندگی میں خوشحالی کا انقلاب لانا ہماری ذمے داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اورپنجاب کی حکومت نے صوبے میں3600 میگاواٹ کے گیس پاور پلانٹس لگائے جو پورے پاکستان کو بجلی فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گیس کی بنیاد پر لگنے والے ان منصوبوں میں قوم کے 112 ارب روپے بچائے گئے ہیں۔ ان منصوبوں سے صارف کو سستی بجلی مل رہی ہے جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ پنجاب حکومت نے1263 میگاواٹ کا ایک اور گیس پاور پلانٹ لگانے کا بھی فیصلہ کیا ہے اوراس حوالے سے معاہدہ بھی ہوچکا ہے، رواں ماہ کے آخر میں اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ اس منصوبے سے 14 ماہ میں800 میگاواٹ بجلی مہیا ہوگی جب کہ یہ منصوبہ 26 ماہ میں 1263میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کررہا ہوگا۔