کینڈین خاتون کی طرح ڈاکٹر عافیہ کو بھی بازیاب کرایا جائے

167

لودھراں (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی لودھراں کے رہنماؤں ڈاکٹر سید وحید احمد، طارق فاروق، ڈاکٹر طاہر احمد، نواب عمرحیات خان اور راؤ محمد اختر نے مشترکہ پریس ریلیز میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کینڈین خاتون کیٹیلین اور ان کے خاندان کی رہائی مثبت عمل ہے تاہم پاکستانی خاتون ڈاکٹر عافیہ کو بازیاب کرانا بھی حکومت اور فوج کے ذمہ ایک قرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ محض قاتلانہ حملہ کرنے کے نام نہاد الزام پر پاکستانی خاتون ڈاکٹر عافیہ کو 86 سال قید کی سزا پاکستانیوں، اقوام عالم اور تمام قوانین کی تضحیک اور کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ پاکستانی شہریوں کی جان، مال اور عزت بھی امریکی شہریوں کی طرح قابل احترام ہے اور اس کا تحفظ بھی ہم سب پر فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی دہشت گرد امریکا اپنے شہریوں کے علاوہ اپنے غیرملکی سہولت کاروں یعنی ڈاکٹر شکیل سمیت دیگر افراد کی پشت پناہی اور حفاظت کا ٹھیکہ اٹھا سکتا ہے تو پاکستان اپنے مفادات کی جنگ کیوں نہیں لڑ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے ڈومور مطالبے کا جواب صرف اور صرف نو مور کی صورت میں دینا ہوگا۔ امریکا پاکستان کی لاجسٹک سپورٹ اور تمام تر قربانیوں کے باوجود کسی قسم کی اہمیت دینے کو تیار نہیں ہے۔ لہٰذا ہمیں دہشت گردی کیخلاف نام نہاد جنگ سے آزادی حاصل کرنی ہوگی۔