شہر میں پانی کی گرتی ہوئی سطح کا مسئلہ سنگین ہوگیا

133

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک/نیوزرپورٹر)لاہور میں پانی کی گرتی ہوئی سطح کا مسئلہ سنگین ہوگیا، مسئلے سے نمٹنے کے لیے واسا حکام کو دریائے راوی پر واٹرفلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کے منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔منصوبے پر مجموعی لاگت کا تخمینہ 25 ارب روپے لگایا گیا ہے۔لاہور میں زیرزمین پانی کی سطح تقریباً ایک میٹر سالانہ کے تناسب سے گر رہی ہے جس کے باعث نہ صرف پانی کا حصول مشکل ہوتا جارہا ہے بلکہ شہر کے بعض علاقوں میں زیرزمین پانی میں آرسینک کی آمیزش میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے ، اِس مسئلے سے نمٹنے کے لیے راوی سائفن پر لگائے جانے والے مجوزہ منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں جس کے لیے محکمہ انہار نے بھی 100 کیوسک پانی فراہم کرنے کی حامی بھر لی ہے۔ذرائع کے مطابق فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب پر تقریباً 15 ارب روپے لاگت آئے گی جبکہ پانی راوی سائفن سے شہر تک پہنچانے کے لیے 10 ارب روپے کی لاگت سے پائپ لائنیں بچھائی جائیں گی۔اِس حوالے سے ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز نے بتایا کہ منصوبے پر ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے اور یہ منصوبہ آئندہ سال کے وسط تک مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد شہر کے متعدد ٹیوب ویلوں کو بند کردیا جائے گا تاکہ شہر میں پانی کے گرنے کے عمل کو روکا جاسکا۔