قادیانیوں کی حمایت پر رانا ثنااللہ کو معزول کیا جائے، شمس الرحمن

289

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر شمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ نبی اقدسﷺکے دشمنوں کے ترجمان صوبائی وزیرقانون کو فی الفور معزول کیا جائے۔ شہبازشریف کا اپنے بھائی نواز شریف سے ختم نبوت قانون کی ترمیم میں ملوث وزیر کو ہٹانے کا مطالبہ درست تھا، اس پرعمل ہونا چاہیے، اسی طرح شہباز شریف خود بھی اسی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے قادیانیوں کی حمایت پر رانا ثنااللہ کو فی الفورمعزول کریں ۔امیرجماعت سینٹرسراج الحق کی اپیل عقیدہ ختم نبوت اور شعائر اسلام کے متعلق سازشوں کے خلاف 20 اکتوبر بروز جمعتہ المبارک کو احتجاجی مظاہرے اور اجتماعات منعقد کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پی پی 5/7 کی ایک روزہ تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ناظم شعبہ تربیت جماعت اسلامی پنجاب شمالی ابوعمیر زاہد، نائب امیر ضلع ڈاکٹر عثمان ظفر، امیر زون چودھری عطا ربانی، مولانا عثمان آکاش سمیت دیگر ذمے داران نے بھی خطاب کیا۔



شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ قوم اسلام اور پاکستان کے دشمنوں کو پہچان لے، حکمرانوں کی عیاشیوں کے لیے بیرونی قرض لیا گیا، جس کے عوض بددیانت اسحاق ڈار موٹروے اور کراچی ائر پورٹ کو عالمی سود خوروں کے پاس گروی رکھ چکے۔ اب پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کی ملک بھر میں عمارتوں کو گروی رکھنے کی تیاریاں ہورہی ہیں، اس سے بڑی پاکستانی قوم کی تذلیل اور کیا ہوسکتی ہے۔ ملک لوٹنے والے ان ڈاکوؤں سے نجات کے لیے قوم جماعت اسلامی کی دیانت دار اور صادق وامین قیادت سینیٹر سراج الحق کا ساتھ دے تاکہ ملک کوفروخت کرنے والی اس کرپٹ مافیا سے نجات مل سکے۔