سندھ حکمران عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں‘ یار محمد رند

343

نواب شاہ (نمائندہ جسارت) پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما سردار یا رمحمد رند نے کہاکہ موجودہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیر اعظم بننے سے قبل ہی 200 ارب روپے کی کرپشن کی اب جب وہ سیاہ و سفید کے مالک بن چکے ہیں تو کرپشن کے ریکارڈ قائم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ پر فرد جرم عائد کی جاچکی ہے اور وہ احتساب عدالتوں اور نیب کے چکر کاٹ رہے ہیں مگر اپنی کرسی چھوڑنے کو تیار نہیں ان لوگوں کو صرف اپنے مفادات عزیز ہیں باقی عوام اور ملک کی کسی کو کوئی فکر نہیں ہے۔ وہ نواب شاہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اب سندھ کے عوام کو بے وقوف نہیں بناسکتے، یہ وہ لوگ ہیں جنہیں عوام پہچان چکے ہیں، یہ عروج سے زوال کی طرف جارہے ہیں ان کا سورج غروب ہوچکا ہے۔ سندھ کے عوام آج بھی سو سال پیچھے ہیں۔ تعلیم، صحت، سڑکوں کی صورتحال سب کے سامنے ہے، عوام غریب سے غریب تر ہوتے جارہے ہیں جبکہ سندھ کے حکمران ارب، کھرب پتی بن چکے ہیں۔ سندھ میں عام آدمی کو انصاف ملنے کی توقع ہی نہیں ہے یہاں کی پولیس حکمرانوں کی غلام ہے ۔سندھ کا وزیر اعلیٰ آصف علی زرداری کا منشی ہے، جو اس کے حکم کے بغیر کوئی حکم جاری نہیں کرسکتا۔



سردار یار محمد رند نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوام کے لیے عملی میدان میں اتر چکی ہے، ہم 22اکتوبر کو سہون میں جلسہ عام کریں گے جہاں قائد عمران خان عوام کے سمندر سے خطاب کریں گے۔ اس جلسے کو روکنے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔ ہماری راہ میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں اگر ہمیں جلسے سے روکا گیا تو لعل شہباز قلندر کے مزار پر اور پھر نواب شاہ شہر میں جلسہ کریں گے، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ زرداری اور نواز شریف ملک اور جمہوریت کے لیے خطرہ بنتے جارہے ہیں عوام بیدار ہوچکے ہیں۔ بھٹو کے نام پر ووٹ لینے والوں نے عوام کی تقدیر تو نہیں بدلی مگر اپنی اور اپنی نسلوں کی تقدیر ضرور بدل لی ہے۔ تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے ملک کے پڑھے لکھے طبقے کو بیدار کیا ہے، یہی ہماری جیت ہے۔ پی ٹی آئی کی مقبولیت سے سندھ کا حکمران ٹولہ پریشانی کا شکار ہے اور پی ٹی آئی کے سہون میں ہونے والے 22 اکتوبر کے جلسے کو روکنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے۔ سردار یار محمد رند نے کہا کہ سندھ کے حکمران عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔ عوامی احتساب شروع ہوا تو ان کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔ تحریک انصاف ڈیموکریٹ جماعت ہے، عوام دو نمبر حکمرانوں کو پہچان چکے ہیں ان کی باریاں ختم ہونے کا وقت قریب آچکا ہے۔ 2018ء کے الیکشن میں سب کا پتا گو ل ہوجائے گا اور عمران خان اگلا وزیر اعظم ہوگا۔