گلستان جوہر کا غیر محفوظ فلائی اوور

103

ہم ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے، ڈائریکٹر ملٹری لینڈ و کنٹونمنٹ اور سی ای او فیصل کی توجہ پرفیوم چوک گلستان جوہر کے مقام پر نصب فلائی اوور کی جانب مبذول کرواچکے ہیں۔ سی ای او فیصل کے مطابق مذکورہ بالائی گزرگاہ کے ڈی اے نے ہی نصب کی تھی لیکن اس کی تکمیل کی رپورٹ پر اس کی فزیکل چیکنگ کرنا گوارہ ہی نہیں کیا گیا۔ پچھلے دنوں ہم نے اس نقص کی نشاندہی کی تھی کہ اس کے درمیان کوئی سپورٹ نہیں دی گئی جو کسی بھی لمحہ ناخوشگوار حادثے کا سبب بن سکتا ہے، جس پر سی ای او فیصل متعلقہ حکام کو اس کی درستی کے لیے لکھ چکے ہیں مگر تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ کے ڈی اے کے افسر اسلم قائمخانی نے فون پر ہمیں بتایا تھا کہ اس کا سروے کرلیا گیا ہے اور اس پر آنے والے ممکنہ اخراجات سے متعلق حکام بالا کو بتادیا گیا ہے جیسے ہی اس کی منظوری آتی ہے یہ نقص دور کردیا جائے گا مگر کافی عرصہ گزر جانے کے باوجود معاملہ جوں کا توں ہے۔ سی ای او فیصل متعلقہ حکام کو متعدد بار یاد دہانی کے لیٹر لکھ چکے ہیں لیکن کے ڈی اے حکام کی بے حسی دیکھیے کہ ان کے کان پر جوں نہیں رینگتی۔
حبیب الرحمن