لوگوں کی توجہ ایک انتہائی حساس معاملے کی طرف دلانا چاہتی ہوں۔ جس سے سب واقف ہیں اور وہ مسئلہ برمی مسلمانوں کا ہے جن کی زندگی بدھ مت کے پیروں نے اجیرن کردی ہے، ان کا ظالمانہ قتل عام کیا جارہا ہے وہ اپنی جان بچانے کے لیے چند ملکوں میں پناہ گزین ہیں، اس حساس معاملے پر جس طرح تمام مسلم مالک کو ردعمل ظاہر کرنا چاہیے تھا ایسا بالکل نہیں ہورہا، جن ملکوں نے ان کو پناہ دی ہے وہاں بھی وہ بے حد اذیت اور ذلت کی زندگی گزار رہے ہیں۔ بنگلا دیش میں تو پناہ گزینوں کے کیمپ سے بچے اغوا ہونے لگے ہیں، مون سون کی بارشوں نے کیمپ کے تمام انتظامات درہم برہم کردیے ہیں، ان کی حالتِ زار دیکھ کر سخت سے سخت دل بھی موم ہوجاتا ہے مگر ہماری حکومت اور میڈیا اس بارے میں بے حسی کا رویہ اپنائے ہوئے ہیں۔ مزید اذیت ناک اطلاع آئی ہے کہ برما میں جو مسلمان اب تک موجود ہیں ان سے برمی فوج ڈیڑھ سے دو کروڑ کیات تاوان مانگ رہی ہے۔ یہ کسی ایک ملک کا مسئلہ نہیں تمام مسلمان ممالک کا مسئلہ ہے، تمام مسلمان ممالک کو اپنے بھائیوں کی مدد کرنی چاہیے۔ ہم سب ایک ہی دین کے پیروکار ہیں ہمیں ان کو بے یار و مددگار نہیں چھوڑنا۔ اللہ ہمارے حکمرانوں اور میڈیا کو بھی ان کا احساس کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔
عذرا سلطان