کنٹونمنٹ بورڈ فیصل ذمے داری پوری کرے

184

گلستان جوہر بلاک 12، مکان B-7 سے متصل گلی میں ایک گٹر گزشتہ دو ماہ سے مسلسل اُبل رہا ہے، قریباً دس گھروں کے آگے اس کا غلیظ اور بدبو دار پانی بہتا رہتا ہے۔ اُمید تھی کہ شاید کنٹونمنٹ بورڈ فیصل کے کمانڈوز اسے دیکھ لیں گے اور گٹر کی صفائی ہوجائے گی لیکن ان کمانڈوز کی تربیت اس نہج پر ہوئی ہے کہ ان کو مفاد عامہ کے کام دن کی روشنی میں نظر نہیں آتے۔ ہاں! کنٹونمنٹ کے علاقے میں کوئی شخص ایک بوری سیمنٹ یا ایک گدھا گاڑی بجری منگوالے۔ یہ اس کی بُو پاتے ہی موقع پر پہنچ جاتے ہیں۔ کنٹونمنٹ کے وہ سارے رولز، ریگولیشن ان کو زبانی یاد ہوتے ہیں جن کی یہ من مانی تاولیں کر کے مال اینٹھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ سیمنٹ اور بجری یا کسی قسم کا تعمیراتی یا مرمتی کام کی اطلاع ان کو لمحوں میں ہو جاتی ہے لیکن دو ماہ سے یہ گٹر ابل رہا ہے، تعفن پھیلا رہا ہے یہ ان کو نظر نہیں آتا۔ یہ یہاں کے مکینوں سے ٹھونک بجا کر ٹیکس وصول کرتے ہیں لیکن اپنی پیشہ ورانہ ذمے داریوں سے پہلوتہی کرتے ہیں،



ایک ذمے دار شہری کی حیثیت سے کہ میں نے 99240520 پر فون کیا اور خاتون اٹینڈینٹ کو مسئلہ بتایا، خاتون نے مسئلہ سن کر کہا کیا آپ ہولڈ کریں میں متعلقہ شخص سے بات کرواتی ہوں، یہ صاحب لائن پر آئے مسئلہ سنا اور فرمایا کہ آپ دفتر آجائیں تحریری درخواست اور ادا شدہ کرنٹ بل کی کاپی ساتھ لے کر آئیں، میں نے جواب دیا کہ یہ میرے گھر کا یا ذاتی مسئلہ نہیں ہے یہ میرے راستے کا اجتماعی مسئلہ ہے، دوسری بات ہے کہ میرے لیے یہ ناممکن ہے کہ میں چھٹی لے کر آپ کے دفتر آسکوں۔ ان صاحب نے مجھے ٹالنے کے لیے کسی شبیر صاحب کا نمبر دے کر ان سے رجوع کرنے کو کہا۔ یہ نمبر مسلسل آف ملا۔ سوال یہ ہے کہ فون پر تمام ادارے شکایات لیتے ہیں، شکایت نمبر دیتے ہیں، شکایت رفع کرتے ہیں، سی بی ایف والوں میں ایسے کون سے سرخاب کے پَر لگے ہیں جو یہ شکایت کنندہ کو اپنے آفس طلب کرتے ہیں؟ یقیناًاس کے پیچھے وہی سوچ کارفرما ہے کہ ہم ’’عوام سے سپریئر اور برتر‘‘ ہیں۔ گٹر بہہ رہا ہے اس کی صفائی اور پانی کی روانی کی بحالی سی بی ایف کی ذمے داری ہے اور وہ یہ ذمے داری پورے کرے۔
حسن عمران صادق، گلستان جوہر بلاک12