کرم ایجنسی‘ افغان سرحد کے قریب امریکی ڈرون حملہ‘ 5شہید

209

ہنگو(خبر ایجنسیاں+ مانیٹرنگ ڈیسک)کرم ایجنسی سے ملحقہ افغان سرحدی علاقے نری کنڈؤ میں امریکی ڈرون حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں افغان طالبان کے اہم کمانڈر سنگین علی شاہ سمیت 5 افراد مارے گئے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق، ڈرون حملوں کا نشانا حقانی نیٹ ورک کا کمانڈر ابوبکر تھا۔ تاہم مرنے والوں میں وہ شامل ہے یا نہیں ابھی واضح نہیں ہو سکا۔مقامی ذرائع کے مطابق ڈرون حملے میں ایک گھر کو نشانا بنایا گیا جس پر 4 سے 6 میزائل فائر کیے گئے،ڈرون حملے کے بعد کم از کم 5 لاشیں گھر سے نکا لی گئی ہیں جبکہ اس میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق ڈرون حملے کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں اور مقام کا تعین کیا جارہا ہے۔مقامی افراد کا کہنا تھا کہ جاسوس طیاروں کی پروازیں اب بھی جاری ہیں۔واضح رہے کہ ستمبر میں بھی کرم ایجنسی میں امریکی ڈرون حملے میں 3 افراد شہید اور 2 زخمی ہوئے تھے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اگست میں پاکستان پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کے الزام کے بعد یہ دوسرا ڈرون حملہ ہے۔