کرم ایجنسی میں 4 اہلکاروں کی شہادت کی مکمل تحقیقات کرائی جائے، میاں مقصود 

130

لاہور(وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کرم ایجنسی میں فوجی کیپٹن سمیت4اہلکاروں کی شہادت پرافسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کرتے ہوئے اصل ذمے داروں اور ان کے آلہ کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایاجانا چاہیے۔پاک فوج اور دیگرسیکورٹی فورسز کی کاوشوں کی وجہ سے ملک میں دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔دہشت گرد پاکستان کی سا لمیت کو نقصان پہنچانے کے لیے ایسی گھناؤنی حرکتیں کررہے ہیں اور ان کے تانے بانے انڈین خفیہ ایجنسی را ،اسرائیلی موساد اور امریکن سی آئی اے سے ملتے ہیں۔دشمن قوتیں پاکستان میں انتشار،دہشت اور خوف کی فضا قائم کرنا چاہتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک دشمن قوتوں کا قلع قمع اور ملک وقوم کی سلامتی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتی ہے۔سیاسی وعسکری قیادت ایسی دفاعی پالیسیاں مرتب کرے جو حقیقی معنوں میں عوام کو تحفظ فراہم کرسکیں۔غیر ملکی طاقتیں پاکستان کے وجود کو تسلیم کرنے کوتیار نہیں،وہ جنوبی ایشیا میں بھارت کو چودھراہٹ دینا چاہتی ہیں تاکہ چین اور پاکستان کو ترقی کرنے سے روکا جاسکے۔پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف سازشیں اس کی واضح مثال ہے۔ بھارت کے بعداب امریکا بھی پاک چین اقصادی راہداری منصوبے پر برملاتنقید کرتے ہوئے اسے ناکام بنانے کا اعلان کرچکا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے نائن الیون کے بعد دہشت گردی کے خلاف شروع ہونے والی جنگ میں سب سے بڑھ کر قربانیاں دیں ہیں۔ہمارے 60ہزار سے زائد افراد شہیداور10ہزار سے زائد سیکورٹی فورسز کے اہلکاراور آفیسرز شہید ہوچکے ہیں اور ملکی معیشت کو سواسوارب ڈالر کاناقابل تلافی نقصان بھی برداشت کرنا پڑاہے۔ اس کے بدلے میں ملنے والی امداد آٹے میں نمک کے برابر ہے۔انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ امریکا کی نام نہادجنگ کوخیر آباد کہاجائے اور وسائل کارخ عوام کی فلاح وبہبود کی طرف موڑا جائے ۔ عالمی طاقتوں کے دہرے معیار کھل کر سامنے آچکے ہیں۔ پاکستان کو جوعزت ومقام ملنا چاہیے تھا وہ نہیں ملا۔ نام نہاد دہشت گردی کی جنگ میں اتنی ساری قربانیاں دینے کے باوجودآج بھی ہم سے ڈومور کامطالبہ کیا جاتا ہے ۔