وطن عزیز پر حکمرانوں کے لبادے میں مجرم مسلط ہیں، مشتاق خان

204

پشاور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان پر حکمرانوں کے لبادے میں مجرم مسلط ہیں۔مسلم لیگ، پیپلز پارٹی اور اے این پی کے نام پر کرمنلز اور مافیا کی حکمرانی ہے۔اس مافیا نے گزشتہ 70 برسوں سے پاکستان کوترقی، صحت، تعلیم، صاف پانی اور بجلی ودیگر ضروریات سے محروم رکھا ہے۔پاکستان میں عدالت کے تالے سونے کی چابی سے کھلتے ہیں۔غریب کے لیے الگ اور امیر کے لیے الگ قانون ہے۔جماعت اسلامی اس مافیا سے قوم کو آزاد کرانے کے لیے میدان میں ہے۔ الیکشن کمیشن گونگا بہرہ بن چکا ہے۔ صوبائی اور وفاقی حکومتیں الیکشن قوانین کی دھجیاں اڑارہی ہیں۔این اے فور پشاور کا پسماندہ ترین حلقہ ہے، یہاں کی سڑکیں دیکھ کر ایسے لگتا ہے جیسے ان پر دشمن ملک کے جہازوں نے بمباری کی ہو۔این اے فور کی پسماندگی میں سب سے بڑا ہاتھ اس حلقے سے کامیاب ہونے والے امیدواروں کا ہے۔ این اے فور سے کامیاب ہونے والے امیدواروں نے دوبارہ یہاں کا رخ نہیں کیا۔صرف جماعت اسلامی کے صابر حسین نے اس حلقے میں ترقیاتی کام کیے ۔این اے فور پر جماعت اسلامی کے امیدوار واصل فاروق چمکنی کامیاب ہوئے تو عوام کا پیسہ جیب میں ڈالنے کے بجائے عوام پر خرچ کریں گے۔واصل فاروق کرپٹ مافیا اور مجرم اشرافیہ کے خلاف جدوجہد کا نام ہے۔ سیاسی شعبدہ بازاین اے فور کے عوام کو سبز باغ دکھا رہے ہیں، عوام ان مسخروں کو مسترد کردیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آفریدو گڑھی کوہاٹ روڈ اور گڑھی قمر دین میں این اے فور کے ضمنی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ کارنر میٹگنز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے این اے فور کے لیے امیدوار واصل فاروق خان چمکنی، مرکزی رہنما انتخاب خان چمکنی،



سابق صوبائی وزیر کاشف اعظم چشتی اور دیگر نے خطاب کیا۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ پاکستان پر مسلط حکمرانوں نے عوام کو کوئی فائدہ پہنچانے کے بجائے صرف کرپشن کی اور عوام کا پیسہ باہر منتقل کیا۔ ان کے اکاؤنٹس باہر کے بینکوں میں ہیں اور ان کے بچے پاکستان کے بجائے امریکا اور یورپ کے اسکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں پڑھتے ہیں۔ پاکستان کی محرومیوں کے ذمے دار چور اور ڈاکو حکمران ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت نے پہلے عاشق رسول ﷺ ممتاز قادری کو پھانسی دی، سود کی حمایت اور حوصلہ افزائی کی اور مغربی آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے عقیدہ ختم نبوت پر شب خون مارا، بھلا ہو جماعت اسلامی کے 4 اراکین قومی اسمبلی کا جن کی بھرپور مخالفت کی وجہ سے حکومت ختم نبوت کی شق میں ترمیم واپس لینے پر مجبور ہوئی ۔ ثابت ہوگیا کہ جماعت اسلامی ہی عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت ﷺ کی محافظ اور پاسبان ہے۔ عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت ﷺ کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنا کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کو مسائل کے دلدل سے نکال سکتی ہے۔ جماعت اسلامی کے پاس صادق اور امین قیادت موجود ہے۔ این اے فور میں واصل فاروق چمکنی کی صورت میں نوجوان اور ایماندار قیادت کو میدان میں اتارا ہے۔ واصل فاروق چمکنی این اے فور کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔ 26 اکتوبر کو این اے فور کے عوام بڑی تعداد میں پولنگ اسٹیشن آئیں اور ترازو کے نشان پر مہر لگائیں۔