امریکی ڈرون حملوں میں ہلاکتیں36ہوگئیں۔ کوئی حملہ نہیں ہوا‘ آئی ایس پی آر

292

کابل/ پشاور/راولپنڈی(صباح نیوز+مانیٹرنگ ڈیسک)پاک افغان سرحدی علاقے انجرگی زنڈو میں امریکی ڈرون حملے میں 9افراد ہلاک اور 5زخمی ہوگئے، ایک ہی دن میں یہ دوسرا جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ تیسرا ڈرون حملہ ہے،تینوں ڈرون حملوں میں مجموعی طور پر 36افراد ہلاک اور 18زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، پاکستانی حدود کی خلاف ورزی نہیں ہوئی، کرم ایجنسی کے دوسری جانب افغان علاقے میں آپریشن کیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کو انجرگی میں ہونے والے حملہ کالعدم ٹی ٹی پی ،جماعت الاحرار اور حقانی نیٹ ورک کے ٹھکانوں پر کیا گیا ، حملے میں جاسوس طیارے نے ایک گھر پر 2 میزائل داغے جس میں 9افراد کی ہلاکت اور 5افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ اس سے قبل منگل کی صبح ہونے والے حملے میں 7افراد ہلاک اور 3زخمی ہوئے اس حملے میں کمانڈرابوبکر کے مارے جانے کی بھی اطلاع ہے جبکہ3 افراد زخمی ہوئے تھے-ذرائع کے مطابق افغانستان کے سرحدی علاقے خرلاچی کے قریب ڈرون حملہ کیا گیا جس میں ایک گھر پر میزائل داغے گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خرلاچی کے علاقے کچ خرم میں جاسوس طیارے سے 2 میزائل فائر کیے گئے جس کے بعد علاقے سے دھوئیں کے بادل بھی اٹھتے دیکھے گئے ہیں جبکہ علاقے میں ڈرون طیاروں کی نچلی پروازیں بھی جاری ہیں۔گزشتہ روز بھی افغان سرحدی علاقے میں امریکا نے ڈرون حملہ کیا تھا جس میں 20 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے تھے ۔



گزشتہ روز ہونے والے حملے میں امریکی ڈرون طیارے نے ایک گھر پر 6میزائل داغے تھے-غیرملکی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں طالبان کے اہم کمانڈر ابوبکر افغانی سید کریمی اپنے متعدد ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا تھا تاہم اس حوالے سے طالبان اور دیگر ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔مشتبہ ڈرون حملے پاک فوج کی جانب سے غیر ملکی یرغمالیوں کوبحفاظت بازیاب کرانے کے چند روز بعد کیے گئے ۔اطلاعات کے مطابق پیر اور منگل کی صبح ہونے والے حملے کے بعد امدادی سرگرمیاں جاری تھیں کہ منگل کی سہ پہر کے قریب تیسرا ڈرون حملہ کیا گیا ۔ دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، پاکستانی علاقے میں کوئی ڈرون حملہ نہیں ہوا، کرم ایجنسی میں ڈرون حملے کی خبریں غلط ہیں۔ کرم ایجنسی کے دوسری طرف افغان علاقے میں آپریشن کیا جا رہا ہے، ریزولوٹ سپورٹ مشن خوست اور پکتیا میں آپریشن کر رہا ہے اور ریزولوٹ سپورٹ مشن نے آپریشن کی تفصیلات بروقت شیئر کی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران افغان علاقے میں کئی فضائی حملے کیے گئے ہیں آرمی چیف کے دورہ افغانستان کے تناظر میں دونوں فورسز میں رابطہ بڑھا ہے، امریکی افواج نے افغان علاقے کے اندر مذکورہ آپریشن کے متعلق بروقت اطلاعات دیں۔ ایک بہتر سیکورٹی کوآرڈینشن دونوں ملکوں کو پائیدار امن و استحکام کی طرف لے جائے گا اور بہتر رابطوں سے مشترکہ دشمن کو شکست ہوگی۔