منکرین ختم نبوت کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، میاں مقصود

173

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ ناموس رسالت کے تحفظ اور ختم نبوت حلف نامے میں ہونے والی سازشیں کسی صورت میں قابل قبول نہیں۔ اس حوالے سے جماعت اسلامی اسلامی 20 اکتوبر پنجاب بھر کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کرے گی۔ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد سمیت کئی بڑے شہروں میں تحفظ ختم نبوت کو یقینی بنانے اور اسلام دشمنوں کی سازشوں کو خاک میں ملانے کے لیے احتجاجی مظاہرے اور بڑے پروگرامات منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور اس سے انکار کرنے والا دائرہ اسلام سے خارج ہے۔ رانا ثناء اللہ کے بیانات اکثر غیر دانشمندانہ ہوتے ہیں۔ دینی معاملات پر لب کشائی کرنے سے پہلے وہ علما کرام سے مشورہ کرلیا کریں تو زیادہ بہتر ہوگا۔ صوبائی وزیر قانون کی جانب سے قادیانیوں کی حوصلہ افزائی شرمناک اور انتہائی قابل مذمت ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب فوری طور پر انہیں عہدے سے برطرف کرکے توہین رسالت کے تحفظ کے لیے کارروائی کریں۔ رانا ثناء اللہ کی طرف سے وضاحتی بیان ناکافی ہے۔



منکرین ختم نبوت کے ہمدرد اسلام اور پاکستان کے اسلامی تشخص کے کھلے دشمن ہیں۔ جماعت اسلامی کے بانی مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے ’’مسئلہ قادیانیت‘‘ لکھ کر کلمہ حق بلند کیا تھا جس کی پاداش میں انہیں جیل کی نہ صرف صعوبتیں برداشت کرنی پڑیں بلکہ انہیں سزائے موت بھی سنائی گئی تھی مگر الحمدللہ ان کے جذبہ ایمانی میں ذرا برابر بھی فرق نہیں آیا تھا۔ میاں مقصود احمد نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ نے حکومت کی جانب سے ختم نبوت کے حوالے سے ہونے والی سازش کو بے نقاب کرکے اپنے مرشد سید مودودیؒ کی یاد تازہ کردی ہے۔ ہم اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں منکرین ختم نبوت کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔