وطن عزیز کو سیکولر بنانے کی سازش کامیاب نہیں ہوگی،شمس الرحمن سواتی

135

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی کے ضلعی امیر شمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ اسلام کے نام پروجو د میں آنے والی نظریاتی ریاست کوسیکولر اور لبرل بنانے کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہوگی یہاں اللہ اور محمدعربی ﷺکے احکامات پر مبنی نظام قائم ہوگا کرپشن اورلوٹ مارکرنے والاحکمران ٹولہ اپنے کیسزسے توجہ ہٹانے اور امریکی آقاؤں کی خوشنودی کیلیے ختم نبوت اور ناموس رسالت ﷺقوانین پر حملہ آورہے۔ وزرا عوامی خدمت اورگڈگورننس کے بجائے کرپٹ شریف خاندان کوبچانے میں اپنے تمام ترسرکاری وسائل کو استعمال کررہے ہیں، عدالت عظمیٰ سے اپیل کرتے ہیں کہ چوروں کے احتساب کیلیے کی جانے والی کوششوں اورلوٹی ہوئی ملکی دولت کی واپسی میں وزرا کی رکاوٹوں کا نوٹس لیں تاکہ بیرون ملک چھپائی گئی دولت کی واپسی ممکن ہوسکے اور پاکستان ایک خوشحال اسلامی ریاست بن سکے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے جے آئی یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر زونل صدرجے آئی یوتھ ویوسی وائس چیئرمین عبید الرحمن خان ،علی احمد اورعتیق الرحمن ودیگرذمے داران بھی موجود تھے۔شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ ملک میں لاقانونیت ، بے روزگاری ،مہنگائی انتہا کو پہنچ چکی ہے ۔حالیہ منی بجٹ عوام پر خودکش حملہ ہے جس کے نتیجے میں بنیادی ضروریات کی اشیا میں بھی 80 فیصد تک اضافہ کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان عوامی رابطہ مہم کوتیزترکریں او ر عوام کو ایک بڑے انقلاب کیلیے تیارکریں ۔الیکشن 2018ء میں عوام کرپٹ اور بددیانت ٹولے کو مسترد کرکے دیانت داراورایماندارلوگوں کو اقتدار سونپے تاکہ ان تمام مسائل کا خاتمہ ہوسکے۔