نزول لینڈ کی کھربوں روپے کی اراضی پر با اثر گروپس قابض

303

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک/نیوزرپورٹر ) ایک لاکھ 60 ہزار کنال سے زائد سرکاری اراضی قبضہ مافیا نے ہڑپ کر لی جبکہ محکمے اس کے سامنے بے بس ہیں۔لاہور کی 5 تحصیلوں کی 24 قانونگوئی میں محکمہ نزول لینڈ کی کھربوں روپے کی سرکاری اراضی پر قابض بااثر قبضہ گروپوں کے سامنے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ، سیکرٹری ریونیو، ایڈیشنل کلکٹر، 5 اے سی ، تحصیلدار،پٹواری اور دیگر محکمے بے بس ہیں۔ ذرائع کے مطابق محکمہ نزول لینڈ کی پراپرٹی کو کرایہ پر حاصل کیاگیا مگر بعد میں کرایہ ادا کیا گیا اور نہ ہی جگہ واپس کی گئی۔ٹھوکر نیاز بیگ قانو نگوئی میں 267 کنال 19 مرلے ، چوہنگ 119 کنال 2 مرلے ، مانگا 710 کنال 14 مرلے ،مراکہ 2169 کنال 5 مرلے ، پاجی 348 کنال 10 مرلے ، رائیونڈ 3914 کنال 13مرلے ،بیلہ بستی رام 990 کنال 17 مرلے 154 فٹ، شاہدرہ20473کنال 5 مرلے 129فٹ، لاہور خاص6040کنال 10 مرلے ، باغبانپورہ 8651کنال 15 مرلے 131 فٹ، قلعہ گجر سنگھ4734کنال 15مرلے ، اچھرہ25805کنال 13مرلے ،برکی 4700 کنال 7 مرلے ، فتح گڑھ 206 کنال17 مرلے ، بھنگالی53365کنال 19مرلے ، ماڈل ٹاؤن 2731 کنال 3 مرلے ، کماہاں 2041کنال 16 مرلے ، کاہنہ4611کنال 18 مرلے ، بھسین9418کنال 7مرلے ، امرسدھو 558 کنال 18 مرلے ، ہیئر میں8609کنال 10 مرلے پر قبضہ کیا گیاجن کو واگزار کرانے کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا گیا۔ ذرائع کے مطابق محکمہ مال لینڈ مافیا کے آگے بے بس نظر آتا ہے ، محکمہ نزول کا یہ رقبہ پہلے کرایہ کے لیے حاصل کیا گیا،پھر مختلف عدالتوں سے حکم امتناعی لے کر کرایہ بند ہوااور بعد ازاں تعمیرات کر کے ان کو فروخت کر دیا گیا، قبضہ در قبضہ فروخت ہوتا گیا اور اب اس کو واگزار کرانا ناممکن بن گیا ہے۔سیکرٹری کالونی رانا خالد کا کہنا ہے کہ محکمہ نزول کی پراپرٹی کی تمام دستاویزات منگوا رکھی ہیں ان کی اسکروٹنی کی جا رہی ہے اسکروٹنی کرنے کے بعد تعین کیا جائے گا کہ کس کے خلاف کیا کارروائی کرنی ہے۔