فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی67میں الخدمت فاؤنڈیشن کے زیراہتمام شیخوپورہ روڈ پرغازی آبادمیں مفت طبی کیمپ لگایا گیاجس سے علاقے کے سیکڑوں مریضوں نے مفت استفادہ کیا ۔ مفت طبی کیمپ میں ہیپاٹائٹس ،بلڈشوگر، بلڈ گروپ کے ٹیسٹ بالکل مفت کیے گئے ۔جبکہ اسپیشلسٹ ڈاکٹرز نے مریضوں کاچیک اپ کیا۔صبح 9 بجے سے دوپہر1بجے تک جاری رہنے والے کیمپ کا افتتاح ضلعی صدر الخدمت فاؤنڈیشن حلقہ رائے اکرم خان کھرل ،پی پی 67کے امیر یوسف گل پراچہ اور نعمان احسن ملک ودیگر نے کیا۔رائے اکرم خان کھرل نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن حلقہ پی پی67میں ایسے کیمپوں کا انعقاد کرے گی تاکہ مستحق افراد اس سے استفادہ کرسکیں ۔انہوں نے کہاکہ خدمت خلق کے حوالے سے الخدمت فاؤنڈیشن اورجماعت اسلامی کی خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں۔پاکستان میں آنے والی قدرتی آفات، سیلاب،زلزلہ اورمہاجرین کے لیے جماعت اسلامی کے کارکنوں نے اپناخون پسینہ بہایا ہے۔قیام پاکستان سے اب تک جماعت اسلامی ملک وقوم کے لیے قربانیوں کی طویل اور لازوال تاریخ رقم کرچکی ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کو مسائل سے چھٹکارا دلانے کے لیے سرگرم عمل ہے اوراللہ کی رضا کے لیے بلاامتیاز خدمت کررہی ہے۔