آئین پاکستان سے عقیدہ ختم نبوت کو نکالنا عالمی ایجنڈا ہے،امیرالعظیم

332

لاہور(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی پاکستان کے ترجمان اور این اے 128 کے گروپ لیڈر امیر العظیم نے کہاہے کہ آئین پاکستان سے عقیدہ ختم نبوت کو نکالنا عالمی ایجنڈا ہے ۔ مغرب کے ٹکڑوں پر پلنے والی این جی اوز طویل عرصے سے اس ایجنڈے پر کار بند تھیں ۔ عالمی قوتیں اپنے گماشتوں کے ذریعے اس ایجنڈے کو پورا کرنا چاہتی ہیں اور شریف خاندان کی غلام حکومت اس کی تکمیل کے لیے سازشوں میں مصروف ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور یونین کونسل منصورہ کے زیراہتمام ختم نبوت ترمیم کے خلاف نماز جمعہ کے بعد ملتان روڈ پر ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا ۔ مظاہرے میں سیکڑوں لوگوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر عبدالعزیز عابد ، نثار احمد تابش اور حافظ مظہر جیلانی بھی موجود تھے۔ امیر العظیم نے کہاکہ حکومت اخبارات اور چینلز کو اشتہار دے کر مکرو فریب کے پردے میں چھپنا چاہتی ہے لیکن عوام انہیں یہ موقع نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ قوم وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ،ا سپیکر قومی اسمبلی اور نااہل نوازشریف سے پوچھ رہی ہے کہ انہوں نے ختم نبوت میں ترمیم کرنے والوں کا سراغ لگانے کے لیے جو کمیٹی بنائی تھی ، وہ کہاں گئی اور اس کمیٹی کی رپورٹ اب تک سامنے کیوں نہیں آئی ۔ انہوں نے کہاکہ یہ کوئی کلیریکل غلطی نہیں ، بلکہ ایک منظم سازش تھی جسے جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ طارق اللہ نے بروقت بے نقاب کر کے ناکام بنادیا ۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہاکہ ختم نبوت کے عقیدے پر تمام مسالک متفق اور متحد ہیں اور سب کا متفقہ فیصلہ ہے کہ قادیانی غیر مسلم ہیں ، لیکن حکومت قادیانیوں کی سرپرستی کر رہی ہے ۔ قادیانی اعلیٰ عہدوں پر براجمان ہیں اور ایک سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت قادیانیوں کو نوازا جارہاہے ۔ قادیانی لابی عالمی استعمار کی سرپرستی میں پاکستان میں اپنی جڑیں مضبوط کر رہی ہے ۔ عوام کے شدید احتجاج کے بعد حکومت ترمیم واپس لینے پر مجبور ہوئی مگر ابھی تک اس کے مجرموں کو بے نقاب کر کے سزادی گئی نہ ان سے حکومت نے لاتعلقی کا اعلان کیا ۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہاکہ جماعت اسلامی ختم نبوت کی تحریک جاری رکھے گی اور تحریک کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق 22؍ اکتوبر کو وحدت روڈ گراؤنڈ لاہور میں جماعت اسلامی لاہور کے عزم انقلاب کنونشن سے اپنے خطاب میں دیں گے ۔