الیکشن کمیشن NA4 میں حکومتی وسائل کے استعمال کا نوٹس لے، مشتاق احمد خان

505

پشاور(وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خا ن نے کہا ہے کہ این اے 4میں چند کوڑیوں کے مول ووٹروں کے ضمیر اور ایمان کو خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ الیکشن کمیشن این اے 4میں حکومتی وسائل کے استعمال کا نوٹس لے، صوبائی اور مرکزی حکومتیں ترقیاتی اسکیموں کے نام پر عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہی ہیں۔ این اے 4کے عوام حکومتی بہکاوے میں نہ آئیں،عوام دیانتدار قیادت کو اپنا نمائندہ منتخب کریں۔ جماعت اسلامی کے پاس واصل فاروق چمکنی کی صورت میں دیانتدار اور مخلص قیادت موجود ہے جو حلقے کے مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ این اے فور کے عوام ضمنی انتخاب میں واصل فاروق کو ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدر گڑھی ترناب فارم اسٹاپ اور ارمڑ میرہ میں این اے فور کی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انتخابی جلسوں سے جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر صابر حسین اعوان، امیدوار این اے فور واصل فاروق چمکنی،مرکزی رہنما انتخاب خان چمکنی، سابق ممبر صوبائی اسمبلی جاوید مومند اور حاجی جمٹ خان آفریدی نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ جنرل پرویزمشرف کے دور سے شروع ہونے والے زرداری اور نواز دور میں جاری رہنے والے امریکی ڈرون حملے تاحال رکنے کا نام نہیں لے رہے۔



پاکستانی حکمران بے حس اور بے غیرت ہیں۔ ڈرون حملے ملکی سالمیت کے لیے خطرہ ہیں ، حکمران اپنے عوام کے لیے تو شیر ہیں لیکن امریکا کے آگے بھیگی بلی بن جاتے ہیں۔ عافیہ صدیقی کو امریکی قید سے رہائی دلانے کا وعدہ کرنے والے ساڑھے چار سال میں بھی قوم کی بیٹی کو واپس نہ لاسکے۔ قوم نے اپنے اوپر سانپ ، بچھو اور جونکیں مسلط کی ہیں جو ان کو ڈستی اور خون چوس رہی ہیں۔ ووٹ کی طاقت سے ان سانپوں اور بچھوؤں کے سروں کو کچلنا ہوگا۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ حکمرانوں نے قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی کو امریکا کے ہاتھ فروخت کردیا جبکہ دو پاکستانیوں کے قاتل دہشت گرد ریمنڈ ڈیوس کو سرکاری پروٹوکول میں واپس امریکا بھیجا ۔ یہ حکمران پاکستان کے دشمن اور امریکا کے غلام ہیں، ان سے کسی قسم کے خیر کی توقع صحرا میں پانی ڈھونڈنے کے مترادف ہے۔ جماعت اسلامی ان حکمرانوں کے خلاف جدوجہد کررہی ہے اور ملک میں صالح، ایماندار اور دیانتدار قیادت لانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر کو غلامانہ مصطفی اور غلامانہ امریکا کا مقابلہ ہے۔ این اے 4کے عوام امریکا کے ایجنٹوں اور اللہ اور رسول ﷺ کے دشمنوں کو مسترد کرکے نوجوان قائد واصل فاروق چمکنی کو ووٹ دیں ۔ عوام ووٹ کی طاقت سے چوروں ، لٹیروں اور اژدھوں کو شکست فاش دیں۔ این اے 4میں ایک طرف سیکولر قیادت ہے اور دوسری طرف واصل فاروق کی صورت میں دینی قیادت ہے۔واصل فاروق چمکنی نوجوانوں کے حقیقی قائد اور ووٹ کے صحیح حقدار ہیں۔