شہباز، نثار نے ن لیگ کاکنٹرول سنبھالنے کی تیاریاں شروع کردیں

501

اسلام آباد (رپورٹ: میاں منیر احمد) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور چودھری نثار نے ن لیگ کا کنٹرول سنبھالنے کی تیاریاں شروع کردیں‘ مسلم لیگ (ن) میں تطہیر کے عمل کے بعد سینیٹر پرویز رشید سمیت پارٹی اور اسٹبلشمنٹ میں فاصلے پیدا کرنے اور ڈان لیکس کا باعث بننے والے تمام رہنماؤں کا مشاورت کے عمل میں کردار ختم یا محدود کردیا جائے گا‘مریم نواز شریف کی ٹیم بھی پارٹی میں اپنے اہم اور مرکزی کردار سے محروم کردی جائے گی‘ خواجہ آصف اور احسن اقبال جیسے مرکزی رہنماؤں کا کردار بھی پارٹی کے اندر محدود ہوجائے گا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق خواجہ آصف اور چودھری نثار علی خان کے باہمی تعلقات کی نوعیت تبدیل نہیں ہوگی تاہم دونوں جانب سے سیز فائر رہے گا‘ مستقبل قریب میں پارٹی فیصلوں کی مرکزی کلید شہباز شریف اور چودھری نثار علی خان کے ہاتھ میں چلی جائے گی ان دونوں رہنماؤں نے پارٹی کا کنٹرول سنبھالنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں‘



شہباز شریف اور چودھری نثار علی خان ہی انتخابات کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم کا فیصلہ کریں گے ان دونوں کی اس تیزی سے بدلتی ہوئی پوزیشن کے باعث مسلم لیگ(ن) میں چودھری نثار علی خان سے سیاسی چپقلش رکھنے والے اہم مسلم لیگی رہنماؤں نے بھی فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ مستقبل میں مسلم لیگ (ن) کے اندر رہتے ہوئے چودھری نثار علی خان کے ساتھ اپنے تمام تعلقات بحال کر لیں گے اس کام کی ابتدا چودھری نثار علی خان خود بھی کر چکے ہیں ‘نواز شریف کی موجودگی میں ایک اجلاس میں چودھری نثار نے متعدد پارٹی رہنماؤں کے ساتھ اپنے ذاتی اختلافات ختم کرنے کاعندیہ دیا لیکن اسی اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید نے چودھری نثار علی خان کے ساتھ اپنے تعلقات بحال نہ کرنے کا اشارہ دیا تھا۔