لوٹ مار کرکے محلات کھڑے کرنے والے ملک وقوم سے مخلص نہیں 

246

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ شریف خاندان کے بعد ن لیگ کا شیرازہ بھی بکھر رہا ہے لیکن نواز شریف اور ان کے خاندان کی رعونت اب بھی قائم ہے۔ عدالتوں سمیت قومی اداروں کو دھمکیاں دینا اور سرکاری پروٹوکول کا استعمال شرمناک ہے۔ لیگی وزرا کرپٹ ٹولے کی ترجمانی اور سپورٹ کرکے ملک وقوم اورآئین پاکستان سے غداری کررہے ہیں۔ بکری چوری کے ملزم کو تھانوں اور نجی عقوبت خانوں میں شدید تر اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن قوم کے اربوں ڈالر ہڑپ کرنے والے جیلوں میں بند ہونے کے بجائے وی آئی پیز بن کر گھوم رہے ہیں۔ جماعت اسلامی اس دوہرے، منافقت زدہ اور ظلم پر مبنی نظام کے خاتمے کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ نوجوان اس مشن میں سینیٹر سراج الحق کے شانہ بشاہ چلیں اور ظلم وکرپشن پر مبنی نظام کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ نیب کے سربراہ بیانات کے بجائے عملی اقدامات کی صورت خود کو منوائیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جے آئی یوتھ گنگال کے جنرل سیکرٹری زین عمرکی جانب سے دیے گئے عشایے اور ضلعی دفتر میں وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔ عشایے میں جماعت اسلامی کے زونل جنرل سیکرٹری مولانا سمیع الحق سمیت جماعت اسلامی اور جے آئی یوتھ کے مقامی ذمے داران بھی شریک تھے۔ شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ ملکی دولت لوٹنے والا چور شریف خاندان یورپ اور لندن میں علاج کرواتا ہے لیکن پاکستان کی بیٹیاں فٹ پاتھ اور سڑکوں پر بچوں کوجنم دے رہی ہیں۔ قوم ان ظالموں سے چھٹکارا حاصل کرلے اگر مزید تاخیر کی گئی تویہ درندے عوام کا گوشت اور ہڈیاں بھی نوچ کھائیں گے۔ قومی اداروں میں لوٹ مار کرکے اپنے محلات اور بزنس ایمپائر کھڑے کرنے والے ملک وقوم کے مخلص نہیں ہوسکتے۔ اس ملک میں کرپشن سے پاک اور دیانتدار قیادت صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے، جس کا اعتراف عدالت عظمیٰ نے کرتے ہوئے کہا کہ بے لاگ احتساب ہو تو سینیٹر سراج الحق اور ان کی جماعت کے سوا کوئی نہیں بچے گا۔ قوم سراج الحق کی پشتیبانی کرے تاکہ پاکستان کے مسائل حل ہوسکیں۔