اسلام آباد( خبرایجنسیاں +مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے پی آئی اے کے طیارے کی سستے داموں فروخت اورملتان میٹرو بس منصوبے میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔نیب اعلامیے کے مطابق، چیئرمین قومی احتساب بیورو نے تمام میگا کرپشن کیسز کی رپورٹ 3ماہ میں طلب کر لی۔ انہوں نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف انکوائری کی رپورٹ بھی پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ پیر کواسلام آباد میں نیب ڈی جیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ میری اولین ترجیح ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے زیروٹالرنس کی پالیسی ہے، اب کام، کام اور صرف کام ہوگا،کرپشن کے مقدمات اب فائلوں اور الماریوں میں بند نہیں رہیں گے، عدالت عظمیٰ کے احکامات پر من و عن عمل کیا جائے گا، ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی طرف سے اب جو بھی ریفرنس دائر کیا جائے گا اس میں تمام قانونی تقاضوں کو پورا کیا جائے گا ،
نااہل، بدعنوان اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کی اب نیب میں کوئی جگہ نہیں ،ہمارا گھر ٹھیک ہو گا تو ہم بہتر طریقے سے ملک سے بدعنوانی کے خاتمیکے لیے اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب کی ساکھ اور وقار میں اضافے کے لیے کوئی دباؤ اور سفارش قبول نہیں کی جائے گی،مجھ سمیت کوئی قانون سے بالاتر نہیں ہوگا۔چیئرمین نیب نے یہ بھی کہا کہ نیب کا بجٹ اب قانون کے مطابق خرچ ہوگا۔جاوید اقبال نے نیب کے انٹرنل اور ایکسٹرنل آڈٹ کا بھی حکم دیا۔