امریکی وزیرخارجہ کا مختصر دورہ پاکستان‘ ڈومور کا مطالبہ

584
اسلام آباد: امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے مذاکرات کررہے ہیں
اسلام آباد: امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے مذاکرات کررہے ہیں

اسلام آباد(خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے ایک بار پھر پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گردوں کوختم کرنے کیلیے کارروائی مزید تیز کرے۔ منگل کی سہ پہر اسلام آباد پہنچنے کے بعد امریکی وزیر خارجہ ٹلرسن نے ایوان وزیر اعظم میں پاکستانی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ۔اس موقع پران کے پاکستانی ہم منصب خواجہ آصف، وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال ، وزیر دفاع غلام دستگیر خان اور آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار بھی موجود تھے۔ریکس ٹلرسن نے کہا کہ پاکستان اس خطے میں امن اور سلامتی کے حوالے سے ہمارے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے اور امریکا اور پاکستان کے اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھی بہت سے مواقع موجود ہیں۔اس کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ خطے میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے ٹلرسن کو یقین دلایا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بدستور امریکا کا کلیدی اتحادی رہے گا۔امریکی سفارت خانے کے مطابق ریکس ٹلرسن نے ملاقات میں خطے میں پاکستان کے کردار سے متعلق بات کی اورامریکی صدرکا پیغام دہرایا جب کہ نئی امریکی پالیسی سے متعلق باضابطہ آگاہ کیا۔



امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں استحکام کے لیے امریکا کے ساتھ مل کر کردار ادا کرسکتا ہے اور افغانستان میں امن و استحکام دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں داعش اور دہشت گرد گروپ دونوں ممالک کے لیے خطرہ ہیں اور ان گروپوں کا خاتمہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔ ٹلرسن پاکستان کے4گھنٹے کے انتہائی مختصر دورے کے بعد بھارت روانہ ہو گئے ۔عالمی میڈیا نے اپنے تبصرے میں لکھا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان اس روایتی گرم جوشی سے عاری تھا جو کسی غیر ملکی اہم شخصیت کے دورے کے دوران دیکھنے میں آتی ہے۔فرانسیسی خبررساں ادارے کا کہنا ہے کہ ریکس ٹیلرسن کا پاکستانی وزارت خارجہ کے ایک درمیانی سطح کے اہلکار نے چکلالہ کے ہوائی اڈے پہنچنے پر استقبال کیا ۔خبررساں اداروں کے مطابق دونوں وفد کی آمنے سامنے ہونے والی ملاقات میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ آگے بڑھنے اور گہرے تعلقات استوار کرنے کی طرف دیکھ رہا ہے۔دونوں وفود کے درمیان بند کمرے میں ہونے والی اس اہم ملاقات کے بعد پریس کانفرنس نہیں کی گئی۔پاکستانی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امریکی وزیرخارجہ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اوربھارتی جارحیت سے آگاہ کیا گیاجب کہ افغانستان سے متعلق اپنی پوزیشن بھی واضح کی۔