پاکستان کی سلامتی خطرے میں ہے‘ امریکا

1078

نئی دہلی ( خبرایجنسیاں + مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی خطرے میں ہے‘ بہت سی دہشت گرد تنظیموں نے وہاں پناہ گاہیں بنارکھی ہیں۔نئی دہلی میں بھارتی ہم منصب سشما سوراج سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس بریفنگ میں امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلر سن نے کہا کہ پاکستان میں حکومت کے استحکام اورسلامتی سے متعلق خدشات ہیں،اسلام آباد کو دہشت گرد تنظیموں ، ان کے لیڈروں سے نمٹنے کے لیے اپنی توقعات سے آگاہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردتنظیموں کی تعداد اورصلاحیتیں مضبوط ہونے پر تشویش ہے، ان کا خاتمہ سب کے مفاد میں ہے، دہشت گرد تنظیمیں اسلام آباد کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کو غیر مستحکم کرنا کسی کے مفاد میں نہیں،پاکستانی قیادت سے امریکی خدشات پرکھل کربات ہوئی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل امریکی اور بھارتی وزراء خارجہ کی ملاقات ہوئی ،جس میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ایشیا پالیسی ، انسداد دہشت گردی، افغانستان اور بھارت کے کردار پر بات ہوئی۔ امریکی وزیر خارجہ نے افغانستان کی تعمیر و ترقی میں بھارت کے کردار کو سراہا۔ریکس ٹلرسن نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ بھارتی افواج کو جدید بنانے کے لیے اپنی بہترین ٹیکنالوجی فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، ایف16 اور ایف18 جنگی طیاروں کے سودے کے لیے مذاکرات کے منتظر ہیں۔



انہوں نے کہا کہ بھارت امریکا کا فطری حلیف ہے اور دونوں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مل کر کام کریں گے، بھارت امریکا کی افغان پالیسی کے لیے اہم ہے اور امریکا بھارت کو خطے کے لیڈر کے طور پر دیکھتا ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ افغانستان میں حالیہ دنوں میں ہوئے دہشت گردانہ حملے ثابت کرتے ہیں کہ پاکستان کی سر زمین پر دہشت گردوں کے محفوظ اڈے سرگرم ہیں،ٹرمپ کی دہشت گردی کے خلاف پالیسی اسی وقت کامیاب ہوگی جب پاکستان دہشت گرد گروپوں کے خلاف ٹھوس اور فوری کارروائی کرے گا۔انہوں نے اعلان کیا کہ افغانستان کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کے لیے اس سال کے اواخر میں بھارت، امریکا اور افغانستان کا مشترکہ اجلاس ہوگا۔قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ نے بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال سے بھی ملاقات کی، تقریباً ایک گھنٹے تک چلنے والی میٹنگ میں ڈوبھال نے افغانستان اور بھارت میں مبینہ پاکستانی اعانت سے دہشت گردی کے واقعات کا معاملہ اٹھایا۔ٹلرسن نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے بھارت امریکا تعلقا ت نیز خطے میں پیدا سیکورٹی چیلنجز اور دیگر امور پر با ت چیت کی۔