ترقیاتی منصوبوں کے نام پر عوام سے مذاق کیا جارہا ہے‘ مشتاق خان

242
مرکزی حکومت جغرافیہ اور نظریے کے تحفظ میں ناکام ہوگئی، مشتاق خان
مرکزی حکومت جغرافیہ اور نظریے کے تحفظ میں ناکام ہوگئی، مشتاق خان

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی بدترین کرپشن کی وجہ سے ملک مسائل کی دلدل میں دھنس گیا ہے۔ حکمرانوں نے یورپ اور امریکا سے پچیس ہزار ارب روپے قرض لیا اورانہی کے بینکوں میں جمع کروایا۔ حکمران قرض لیتے اور عوام سود سمیت قرضے ادا کرتے ہیں، عوام کو کرپٹ حکمرانوں سے ووٹ کی صورت میں بے رحم انتقام لینا ہوگا۔ کریمنل مافیا کیخلاف جماعت اسلامی ہر فورم پر لڑ رہی ہے، عوام اس کرپٹ طبقے کیخلاف جماعت اسلامی کے ہاتھ مضبوط کریں۔ این اے فور میں آج واصل فاروق چمکنی فتح یاب ہوگا۔ واصل فاروق کی کامیابی این اے فور کے عوام کی کامیابی ہے۔ این اے فور کے عوام آج جوق در جوق پولنگ اسٹیشنز جائیں اور واصل فاروق چمکنی کی صورت میں دیانتدار قیادت کو ووٹ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترناب فارم میں این اے فور کی الیکشن مہم کی آخری شب ترناب فارم میں شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شمولیتی جلسہ عام سے جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر صابر حسین اعوان اور این اے فور کے امیدوار واصل فاروق خان چمکنی نے بھی خطاب کیا۔



اس موقع پر متعدد افراد نے مختلف جماعتوں سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ این اے فور میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر عوام کے ساتھ مذاق کیا جارہا ہے۔ ترقیاتی سکیمیں ساڑھے چار سال پہلے کیوں نہیں شروع کی گئیں۔ ترقیاتی کام عوام پر احسان نہیں، یہ ان کا حق ہے۔ منتخب نمائندوں نے این اے فور کے عوام کو اپنے حق سے محروم رکھا، این اے فور کے عوام بھی ووٹ اور ضمیر کے خریداروں کو کرارا جواب دیں اوراس حلقے سے ان کی سیاست کا جنازہ نکال دیں۔ انہوں نے کہا کہ این اے 4 میں سود خوروں، قانون عقیدہ ختم نبوت میں ترمیم کرنے والوں، وقوم پرستوں اور تبدیلی کے دعویداروں کے اصل چہرے عوام کے سامنے آچکے ہیں۔ آج این اے فور میں غلامان مصطفیؐ اور غلامان امریکا کا مقابلہ ہے۔ این اے 4کے عوام امریکا کے ایجنٹوں اور اللہ اور رسولؐ کے دشمنوں کو مسترد کرکے نوجوان قائد واصل فاروق چمکنی کو ووٹ دیں۔ کرپٹ لوگوں کو ووٹ دینا سانپوں اور اژدھوں کو دودھ پلانے کے مترادف ہے۔ عوام ووٹ کی طاقت سے چوروں، لٹیروں اور اژدھوں کو شکست فاش دیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان میں خلافت راشدہ کا نظام نافذ کرنا چاہتی ہے۔ خلافت راشدہ کے نظام میں محرومی نہیں آسودگی ہے۔ خلافت راشدہ اور نظام مصطفیؐ کے ذریعے ملک سے کرپشن کا خاتمہ کریں گے۔