راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی کے ضلعی امیرشمس الرحمن سواتی ،نائب امیرضلع امتیازعلی اسلم ،سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان ودیگررہنماؤں نے اسلامی جمعیت طلبہ کوشاندارکنونشن وحقوق طلبہ مارچ منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے ۔اپنے تہنیتی پیغام میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہاکہ راولپنڈی کے طلبہ نے ثابت کردیا کہ ان کے قائدسینیٹرسراج الحق ہیں اور وہی ان کے مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت اورجرأت رکھتے ہیں ۔طلبہ کی صورت میں اسلامی انقلاب کا آغازہوچکا ،ظالم جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے دن گنے جاچکے اب ظلم پرمبنی کرپٹ نظام مزید نہیں چل سکے گا ۔انہوں نے کہاکہ امیرجماعت اسلامی سراج الحق کا تعلیمی پالیسی کے ضمن میں ویژن قابل ستائش ہے ان شاء اللہ عوامی قوت سے پاکستان میں لارڈمیکالے کے طبقات پر مبنی کالے نظام تعلیم کے مقابلے میں اسلامی نظام تعلیم کا نفاذ کریں گے جس میں غریب اور امیرکے بیٹے ایک ہی کلاس روم اور تعلیمی ادارے میں تعلیم حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہرآنے والے حکمران نے تعلیمی میدان کے بجائے کرپشن میں عالمی ریکارڈ قائم کیے ۔قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے تاکہ کرپٹ اشرافیہ سے نجات حاصل کرکے ایک اسلامی ،فلاحی اور خوشحال ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔