حکمرانوں نے ریکارڈ قرضے لیکر ملکی سالمیت کو داؤ پر لگادیا‘ مجاہد چنا

131

جیکب آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا نے کہا ہے کہ کشکول توڑنے کے دعویدار حکمرانوں نے ریکارڈ قرضہ لے کر قوم کو مالیاتی اداروں کے پاس گروی اور ملکی سالمیت کو داؤ پر لگادیا ہے۔ خوشحال سندھ کی بدحالی بھی کرپشن کا ہی نتیجہ ہے۔پی آئی اے اور اسٹیل ملز سمیت قومی ادارے تباہ اور شاہی خاندانوں کے اثاثہ جات میں مسلسل اضافہ قومی دولت کی لوٹ مار کا شاخسانہ ہے۔ موجودہ لیگی حکومت نے صرف 2 ماہ میں 74 ارب ڈالر کا قرضہ لیا ،رواں مالی سال کے دوران کل 5.4 ارب ڈالر کا قرضہ لیا گیا جو ملکی تاریخ کا سب سے زیادہ قرضہ ہے۔ کرپٹ قیادت سے نجات اور دیانتدار قیادت کو آگے لائے بغیر ملک قوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی۔ کرپشن کے خاتمے اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانے کیلیے جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں اپنی تحریک جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ جیکب آباد کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ قبل ازیں انہوں نے جیکب آباد کے معروف وکیل سردار خان لاشاری کی وفات پر ان کے داماد اور پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر میر لیاقت خان لاشاری سے تعزیت بھی کی۔



جماعت اسلامی سندھ کے ترجمان نے پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کی گرفتاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ لوگوں کو اپنے عبرت ناک انجام تک پہنچایا جائے کیونکہ کرپشن اور دہشت گردی کے شیطانی کھیل کا خاتمہ قوم کی اولین ترجیح ہے تاہم انصاف واحتساب بلاتفریق ہونا چاہیے، لاہور اورلاڑکانہ کا احتساب والا تاثرختم ہونا چاہیے۔چوروں کا پروٹوکول اورفخریہ انداز میں پیش ہونا بے شرمی کی حد اوریہ خود احتساب کی توہین ومذاق کے مترادف ہے۔نیب چیئرمین صرف کیڑے مکوڑوں کو پکڑنے کے بجائے مگرمچھوں کوبھی قابو کریں جن سے لوٹی ہوئی دولت کی واپسی سے ملک قرضوں سے نجات اورعوام کے کافی مسائل حل ہوسکتے ہیں ۔یہ اب نئے نیب چیئرمین کا امتحان ہے کہ وہ اس امتحان میں کس طرح کامیاب ہوتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ کے کاشتکاروں کا2 نومبر کو دھرنے کا اعلان کسانوں کی آواز ہے ،جماعت اسلامی ہر مظلوم کی حمایت کا اعلان کرتی ہے۔ دھان اور گنے کے کاشتکاروں کو اپنی محنت کا مناسب پھل ملنا چاہیے۔