لائن لاسز بجلی کے تقسیم کار کی کرپشن کا منہ بولتا ثبوت ہے، یوسف گل

178

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 67 کے امیر محمد یوسف گل پراچہ، نائب امیر نعمان احسن ملک نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ لائن لاسز کی مد میں غریب صارفین پر 77 ارب روپے کا ناروا بوجھ ڈالناغیر اخلاقی ہی نہیں، غیر آئینی بھی ہے۔ لائن لاسز بجلی کے تقسیم کار کی کرپشن کا منہ بولتا ثبوت ہے لیکن اپنی بدعنوانیوں کی سزا عوام کو دینا ظلم عظیم بھی ہے اور ناقابل قبول بھی۔ انہوں نے کہاکہ بلوں پر زائد بوجھ ڈالنے کا سلسلہ بند کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں عوام پر حکومت کی طرف سے مہنگائی کے بم گرائے جارہے ہیں، غیر ملکی آقاؤں کے اشاروں پر بجلی مزید مہنگی کرنے کا پروگرام بن چکا ہے،ملک کی 10کروڑ آبادی کو دو وقت کی روٹی تک میسر نہیں،ایسے میں مہنگائی کا اضافی بوجھ عوام پر کیا اثرات مرتب کرے گا، اس کا اندازہ آپ سب لوگ بخوبی لگا سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آپ لوگوں کو یہ جان کر حیرانگی ہوگی کہ برآمدات اور درآمدات میں خطرناک حد تک نمایاں فرق کے باوجود قومی اسمبلی کا ایک اجلاس عوام کو کروڑوں روپے میں پڑتا ہے،اس سب کے باوجود حقیقت تو یہ ہے کہ وہاں سے آج تک مفاد عامہ کے لیے کوئی بھی قانون یا بل کی منظور ی کو ضروری نہیں سمجھا گیا۔