اہم خبریں

307

گرین لائن منصوبہ‘گرومندرتک کا کام امسال کے اختتام پر مکمل ہو جائے گا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیرا علیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں گرین لائن بی آرٹی پروجیکٹ کے حوالے سے بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کے فنڈ سے گرین لائن بی آرٹی ایس پروجیکٹ شروع کیاگیاہے اور 65فیصد سے زائد کام تکمیل کے مراحل میں ہے ۔پروجیکٹ کا سرجانی تا گرومندرتک کاکام 2017ء کے اختتام تک مکمل کرلیاجائے گا۔اجلاس کو بتایاگیا کہ گرین لائن بی آر ٹی ایس کا اہم جز اسٹیٹ آ ف آر ٹ کی تعمیر ، عبداللہ چورنگی کے نزدیک سرجانی کے علاقے میں ایک خود کار بس ڈپوتعمیر کرنا ہے۔یہ منصوبے کی تعمیر کراچی انفراسٹراکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کی ذمے داری ہے،کمپنی نے سندھ حکومت سے درخواست کی تھی کہ اسے ایک بس ڈپو کے قیام کے لیے 12 ایکڑ زمین فراہم کی جائے۔وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایاگیاکہ سندھ حکومت نے صرف 4ایکڑزمین الاٹ کی جوکہ ڈپو کے لیے ناکافی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنے پرنسپل سیکرٹری اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی کہ وہ پرپوزل پر کام کریں اور اضافی 8ایکڑ زمین کا اہتمام کیا جائے تاکہ بس ڈپو عالمی معیار کے مطابق قائم کیاجاسکے۔

رانا ثناکاداخلہ ٹیسٹ اسیکنڈل میں 12 افراد کی گرفتاری کادعویٰ

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنا اللہ کاکہناہے کہ میڈیکل انٹری ٹیسٹ اسیکنڈل میں درجن بھر لوگ پکڑے گئے،2مطلوب افراد بیرون ملک فرار ہوچکے ہیں،29 اکتوبر کو ہونے والے انٹری ٹیسٹ کی مانیٹرنگ متعلقہ
اداروں کے علاوہ انٹیلی جنس حکام بھی کریں گے۔رانا ثنا نے بتایاکہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزکے وائس چانسلر کو میرٹ پر لگایا گیا،سہولتیں دینے کے باوجوداحتیاط سے کام نہ لینا بدقسمتی ہے ،کرپشن کرنے اور پیسہ بنانے والوں کو سزا بھگتنا پڑے گی۔ان کاکہناتھاکہ انٹری ٹیسٹ لیک کرانے کے لیے پیسے طالب علموں ہی نہیں بلکہ والدین نے بھی دیے، متعددافرادکی ملی بھگت سے پرچہ آؤٹ ہوا، قصوروار وہی ہیں جن کے پاس اتھارٹی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کہاکہ ٹی20میچ کا انٹری ٹیسٹ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ،انٹری ٹیسٹ کے لیے اضافی سیکورٹی دی جا رہی ہے۔

 موجودہ حالات میں 2018ء کے انتخابات ممکن نہیں‘فضل الرحمن

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت) جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں 2018ء کے انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے،وقت آگیاہے کہ کشمیرکے مسئلے کا پرامن حل نکالاجائے اور اس تنازع کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کیاجائے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے’’یوم سیاہ کشمیر ‘‘پر وکلا بارسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم کشمیریوں کی اخلاقی ،سفارتی اور انسانی حمایت کاسلسلہ جاری رکھیں گے۔ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیر کی آزادی سے انکاری تھا لیکن مودی نے مذاکرات کار کا تقرر کرکے کشمیر کو متنازع علاقہ تسلیم کرلیا ۔کشمیر میں بھارتی ہتھکنڈے کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ امریکا ذاتی مفادات کے لیے دنیا میں بدامنی پھیلارہا ہے، ہمیں مثبت پالیسیاں بنا کر عالمی قوتوں کاسامنا کرنے کی صلاحیت پیدا کرناہوگی۔ حقوق اور روزگار کی فراہمی دہشت گردی اور بغاوت ختم کر سکتی ہے ، ہمیں باہمی اعتماد اور رواداری کی فضا پیدا کرنا ہو گی ، عوامی نمائندوں کو پیچھے دھکیلنے والی قوتوں کا محاسبہ کرنا ہوگا۔اداروں کے درمیان تصادم نہیں ہوناچاہیے ‘ملک مزید بحران کا متحمل نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام کسی طبقاتی جنگ کا حصہ نہیں بنے گی۔

حسین حقانی تنخواہ پاکستان سے لیتے اور گن امریکا کے گاتے تھے

واشنگٹن(صباح نیوز)سابق امریکی سینیٹر لیری پریسلر نے اپنی نئی کتاب میں دعویٰ کیا ہے کہ حسین حقانی تنخواہ پاکستان سے وصول کرتے لیکن گن امریکا کے گاتے تھے۔انہوں نے کہا کہ سابق پاکستانی سفیر نے امریکا اور پاکستان دونوں طرف سے فائدے اٹھائے۔

طارق باجوہ کا بطور گورنر اسٹیٹ بینک تقرر عدالت میں چیلنج

اسلام آباد (آن لائن) سینیٹ آف پاکستان کے 23 سینیٹرز نے گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کے تقرر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔ سینئر قانون دان سردار لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی گئی سینیٹرز کی درخواست میں حکومت پاکستان کو بذریعہ سیکرٹری خزانہ فریق بنایا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر، سسی پلیجو، فاروق ایچ نائیک سمیت 23 سینیٹرز کی جانب سے گورنر اسٹیٹ بینک کے تقرر کے حوالے سے عدالت سے رجوع کیا گیا ہے اور موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت نے گورنر اسٹیٹ بینک کے تقرر میں قانونی طریقہ کار کو نظر انداز کرتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 4 اور 25 کی خلاف ورزی کی۔

ڈاکٹر فیصل ترجمان دفتر خارجہ مقررنفیس زکریا نے الوداعی بریفنگ دی

اسلام آباد (صباح نیوز) نفیس زکریا کو ملائیشیا میں پاکستانی ہائی کمشنر مقرر کیے جانے کے بعد ڈاکٹر فیصل کو نیا ترجمان دفتر خارجہ مقرر کر دیا گیا۔ نفیس زکریا نے گزشتہ روز دفتر خارجہ میں الوداعی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر فیصل اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل ساؤتھ ایشیا اور سارک کے عہدے پر فائز تھے اور وہ خارجہ امور کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔