راولپنڈی/ اسلام آباد( خبرایجنسیاں +مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان نے اپنی حدود میں داخل ہونے والا بھارتی جاسوس طیارہ کواڈکوپٹر مار گرایا۔ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارتی طیارہ کنٹرول لائن کے علاقے رکھ چکر ی سیکٹر میں جاسوسی کررہا تھا۔پاک فوج کے جوانوں نے نشانہ بنایا۔فوجی ترجمان کے مطابق بھارتی کواڈ کوپٹر کا ملبہ بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق اس ڈرون طیارے میں موجود وڈیوز اور تصاویر کا ڈیٹا حاصل کیا جارہا ہے۔دوسری جانب پاکستان نے کہا ہے کہ امریکا بھارت کو ڈرونز کی فراہمی بند کرے ، بصورت دیگر خطے میں طاقت کا توازن بگڑ جائے گا،عالمی طاقتوں کو ایسے معاہدوں سے قبل اپنی بین الاقوامی ذمے داریوں کا احساس کرنا چاہیے۔
ہفتہ وار بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا کا کہنا تھاکہ امریکی وزیرخارجہ کے سامنے پاکستان میں دہشت گردی کی بھارتی معاونت کے معاملے کو اٹھایا گیا جب کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کوبھی اجاگر کیا گیا۔ بھارتی نائب صدر کے دہشت گردی کے معاون ممالک کو اقوام متحدہ سے نکالنے کے بیان پر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی نائب صدر اپنے ہی ملک کو اقوام متحدہ سے نکلوانا چاہتے ہیں کیوں کہ بھارت دہشت گردوں کا معاون ملک ہے اور ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں کی معاونت کرتا ہے۔