نئی رہائشی و تجارتی اسکیموں پر کام کررہے ہیں‘ ڈی جی کے ڈی اے

224

کراچی (رپورٹ : محمد انور) کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( کے ڈی اے ) کے ڈائریکٹر جنرل سمیع صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( کے ڈی اے ) نے 19 سال بعد تجارتی و رہائشی منصوبوں کی تعمیر پر کام شروع کردیا ہے‘ ان منصوبوں میں کم لاگت کے مکانات اور دکانیں بھی شامل ہوں گی
تاکہ متوسط اور غریب افراد کو بھی رہائش کی سہولیات میسرآسکیں‘ کے ڈی اے کو شہر قائد کا حقیقی ترقیاتی ادارہ بنایا جائے گا اور کرپشن کا سدباب کریں گے‘ اپنی حدود میں کسی دوسرے ادارے کو چارجڈ پارکنگ وصول نہیں کرنے دیں گے۔ جمعے کو یہ بات انہوں نے نمائندہ جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ سمیع صدیقی نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ ادارے کا نظام بہتر بنانے کے ساتھ کراچی کی ترقی کے لیے اقدامات کروں‘ ادارے سے کرپشن کا سدباب کرکے اس کی ساکھ بحال کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی کا پہیہ2000ء میں اس وقت رک گیا تھا جب کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو ختم کرکے اسے سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ میں شامل کیا گیا جس کے نتیجے میں کوئی نئی رہائشی اسکیم بھی نہیں آسکی‘ کے ڈی اے کی آخری اسکیم 1998ء میں لائی گئی تھی لیکن اب ہم جلد ہی نئی اسکیموں کا اعلان کرنے والے ہیں‘ یہ اسکیمیں کورنگی، سرجانی ٹاؤن اور کے ڈی اے اسکیم نمبر ایک میں لائی جائیں گی جن کے لیے جگہ کا تعین کرلیا گیا ہے‘ یہ تینوں منصوبے رہائشی اورکم تجارتی ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ان منصوبوں کے لیے جلد ہی کنسلٹنٹ کا تقرر کردیا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ میری کوشش ہے کہ کراچی کو اس کی حیثیت کے مطابق ترقی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کے ڈی اے اپنی حدود میں کسی اور ادارے کو چارجڈ پارکنگ کی اجازت نہیں دے گی‘ اس ضمن میں میئر کراچی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں بھی انہوں نے واضح کردیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ چارجڈ پارکنگ سے ہونے والی آمدنی کو شہر کی ترقی پر خرچ کیا جائے گا۔