پاکستان کا ٹی 20سیریز میں بھی کلین سوئپ‘ شعیب ملک میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار

361
لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی میں وائٹ واش کے بعد فتح کا جشن منا رہے ہیں
لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی میں وائٹ واش کے بعد فتح کا جشن منا رہے ہیں

لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے سری لنکا کو تیسرے ٹی20 میچ میں 36رنز سے شکست دے کر ون ڈے سیریز کے بعد ٹی20 سیریز میں بھی کلین سوئپ مکمل کر لیا۔شعیب ملک کو میچ اور سیریزکا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے مابین ٹی 20 سیریز کا تیسرا اور آخری میچ اتوار کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا ۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بلے بازی کی دعوت دی۔پاکستان نے مقررہ20 اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے جس میں شعیب ملک کی جارحانہ بلے بازی قابل ذکر رہی۔آخری پانچ اوورز میں پاکستان نے 72 رنز سمیٹے۔شعیب ملک کی نصف سنچری کے علاوہ عمر امین نے 45، فخر زمان نے 31 اور بابر اعظم نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 34 رنز بنائے۔ فہیم اشرف نے آخری 3گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 13 رنز بنائے۔دلشان مناویرا نے فخر زمان کو 31 رنز پر آؤٹ کر کے پہلی وکٹ کی شراکت داری ختم کی۔ پاکستان کو دوسرا نقصان ہوا جب 91 کے مجموعی اسکور پر عمر امین 45 رنز بنا کر ادانا کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔



تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹس مین شعیب ملک تھے جنھوں نے 24 گیندوں پر 51 رنز بنائے۔181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم اپنے 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنا سکی۔سری لنکا نے جب اپنی بلے بازی شروع کی تو آغاز میں ہی انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اس کے 4کھلاڑی 57 رنز پر پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔اس کے بعد داسن شناکا نے کچھ مزاحمت دکھائی اور 3چھکوں اور 5چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کرلی لیکن ان کی مزاحمت بھی 54 کے انفرادی اسکور پر ختم ہو گئی۔محمد عامر نے پاکستان میں اپنے پہلے بین الاقوامی میچ میں عمدہ کارکردگی دکھائی اور 4 وکٹیں حاصل کیں۔ یہ ان کے ٹی 20 کیرئیر کی بہترین بولنگ کارکردگی ہے۔ ان کے علاوہ فہیم اشرف نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں۔اس کے علاوہ عماد وسیم ، محمد حفیظ اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامرخان نے بھی قذافی اسٹیڈیم میں میچ دیکھا۔