لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاناما کے بجائے اقامہ پر ایک وزیر اعظم کو نکال دیا جائے تو ملک میں کس طرح استحکام اور خوش حالی آئے گی۔ لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب سے مجھے نکالا گیا ہے کراچی اسٹاک مارکیٹ میں 10 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی ہوئی۔ ہم ایک قدم آگے بڑھتے ہیں تو 10 قدم پیچھے جانا پڑتا ہے۔ اللہ تعالی نے عمرے کی سعادت بخشی ہے ،میری اہلیہ اسپتال میں زیرعلاج تھیں ،جلد وطن واپس آؤں گا ، اس حوالے سے افواہوں پر کان نہ دھرا جائے۔انہوں نے کہا کہ جب حکومت کمزورہوتی ہے تو ملک کمزور ہوتا ہے، پاکستان میں استحکام آیاتھا لیکن اب ملک دوبارہ مشکل دور سے گزر رہا ہے۔نواز شریف نے مزید کہا کہ کراچی کے لوگوں سے پوچھیں کہ 4 سال پہلے شہر کے حالات کیا تھے ،ہم نے وہاں امن کو بحال کیا اور ملک میں دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ پر قابو پایا۔ جو منصوبے 10، 10 سال مکمل ہوتے تھے وہ اب ڈیڑھ برس میں مکمل ہو رہے ہیں۔