ٹریفک پولیس الیکٹرونک چالان ناکام بنانے پر تل گئی

341

کراچی (رپورٹ :خالد مخدومی ) ٹریفک پولیس شہر میں الیکٹرونک چالان کانظام رائج کرنے میں ناکام ہو گئی ،جنوری 2016 ء میں ضلع جنوبی سے شروع ہونے والاٹریفک وائلیشن ایویڈینس سسٹم عملی طور پر معطل ہو چکاہے ،سسٹم کو6ماہ کے اندرپورے شہر میں کام شروع کرنا تھا، ناکامی کی وجہ گاڑیوں کے اوپن لیٹر پر ہونے ، محکمہ ایکسائز کے پاس گاڑیوں کے نامکمل ریکارڈ اور غیرمعیاری سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ ٹریفک پولیس اہلکاروں کی عدم دلچسپی ہے ، ڈی آئی جی ٹریفک عمران یعقوب منہاس نے جسارت سے گفتگو کے دوران بتایا کہ کراچی سیف سٹی نظام کے قیام کے بعد ٹی وی ای ایس سسٹم مؤثر طور پر کام کرے گا ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی ٹریفک پولیس نے یکم جنوری 2016 ء سے شہر میں ٹریفک وائلیشن ایویڈینس سسٹم متعارف کرایا تھا اس نظام کا مقصد ٹریفک قوانین کی پاسداری یقینی بنانا اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو گھر کی دہلیز پر برقی چالان بمع ثبوت فراہم کرناتھا۔اس نظام کے تحت کراچی بھر میں متعدد شاہراہوں پرنصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ٹریفک پر نظر رکھی جاتی۔ اگر اس دوران کیمرے پر کوئی گاڑی ٹریفک کے کسی قانون کی خلاف ورزی کرتی نظر آتی تو گاڑی مالک کو ا س کے رہائشی پتے پر سی سی ٹی وی کیمرے کی ریکارڈنگ اور چالان روانہ کردیا جاتا ۔بعض شاہراہوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی عدم موجودگی کے باعث پولیس اہلکار اور موبائل وینز کو جدید کیمرے سے فراہم کیے گئے ، ابتدا میں اس کو تجرباتی طور پر ضلع جنوبی میں رائج کیاگیااور اس بات کافیصلہ کیاگیاتھاکہ 6 ماہ کے اندر اس نظام کو پورے شہر میں پھیلا جائے گاتاہم ٹریفک پولیس اس نظام کو22ماہ گزرجانے کے بعد بھی پورے شہر میں کیارائج کرتی ایک ضلعے میں بھی اس کو چلانے میں ناکام ہو گئی۔ ٹریفک پولیس کے ذرائع کے مطابق اس نظام کو کئی وجوہات کی بنا پر اس کی توقعات کے مطابق کامیابی نہیں مل سکی۔



ٹریفک پولیس کے ذرائع مطابق اس نظام کی ناکامی کی بڑی وجہ محکمہ ایکسائز کے شہر میں چلنے والی گاڑیوں کانامکمل ریکارڈ ہے ۔ٹریفک پولیس کے اہلکار قانون کی خلاف ورزی کرنے والے گاڑی کے مالک کو چالان بھیجتے ہیں تو پتا چلتاہے کہ مذکورہ گاڑی تو فروخت کی جاچکی ہے اور نئے مالک کاپتا محکمہ ایکسائز کے ریکارڈ میں نہیں ہے ، جس کی وجہ سے مذکورہ چالان کی تکمیل نہیں ہو سکتی ،شہرمیں ہزاروں کی تعداد میں گاڑیاں اوپن لیٹر پر چلتی ہیں اور اگراس طرح کی کسی گاڑی کاٹی وی ایویڈنس سسٹم کے ذریعے چالان کیاجائے تو مالک کے رہائشی پتے کاعلم نہ ہو نے کی بنا پر چالان نہیں روانہ کیے جاسکتا،اسی طرح شہر کی مختلف شاہراہوں پر لگے اکثر سی سی ٹی وی کیمرے غیر معیاری ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کے نمبر یا قانون کی خلاف ورزی کامنظر واضح نہیں ہو تاہے اس وجہ سے بھی ٹی وی ای ایس سسٹم کے ذریعے چالان نہیں کیاجاسکتا،ایک وجہ پولیس اہلکاروں کی روایتی نااہلی اور عدم دلچسپی بھی ہے ، ٹریفک پولیس جنوبی کی 6گاڑیوں کو ٹی وی ای ایس سسٹم کے تحت کیمرے فراہم کیے گئے ہیں تاہم ان کی جانب سے ٹریفک کی خلاف ورزی کے مناظر کی عکس بندی کم ہی کی جاتی ہے ۔ادھر ڈی آئی جی ٹریفک عمران یعقوب منہاس نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ٹریفک وائلیشن ایویڈینس سسٹم کوتوقع کے مطابق کامیابی نہیں مل سکی جس کی بڑی وجہ گاڑیوں کااوپن لیٹر پر چلنااور محکمہ ایکسائز کے پاس گاڑیوں کامکمل ریکارڈ نہ ہوناہے ،انہوں نے کراچی سیف سٹی منصوبے کی تکمیل کے بعد ٹی وی ای ایس سسٹم زیادہ موثر اور ٹریفک کے نظام کی بہتری میں بڑا کردار اد اکر ے گا۔