اسحاق ڈار کے وارنٹ جاری‘ ضمانت ضبط کرنے کا انتباہ

353

اسلام آ باد( مانیٹر نگ ڈ یسک)احتساب عدالت نے وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈارکی حاضری سے استثنا کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔پیر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت ہوئی تاہم اسحاق ڈار عدالت نہ پہنچے جبکہ نیب پراسیکیوٹر کے ساتھ استغاثہ کے 4گواہ پیش ہوئے۔گواہ عبدالرحمن گوندل شواہد کی 2بوریوں کے ہمراہ عدالت پہنچے۔اسحاق ڈار کے وکیل خواجہ حارث نے اسحاق ڈارکے بلڈ ٹیسٹ،ای سی جی اور دیگر ٹیسٹ کرانے کابتایااور کہا کہ جمعرات کوپیش ہوجائیں گے۔انہوں نے اسحاق ڈارکی میڈیکل رپورٹ اور حاضری سے استثنا کی درخواست دائرکی۔نیب پراسیکیورٹرنے استثنا کی مخالفت کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی اور کہا کہ وزیراعظم اوروزیراعلیٰ پنجاب کے بعد اسحاق ڈاربھی لندن چلے گئے،گواہ عبدالرحمن گوندل نے 2تھیلوں میں بھراریکارڈ پیش کیا۔جج محمد بشیرنے حاضری سے استثنا کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اسحاق ڈارکے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے،اسحاق ڈارکے ضامن کوبھی نوٹس جاری کردیا۔اسحاق ڈارکوآئندہ سماعت پرحاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پیش نہ ہوئے توضمانت ضبط کرلی جائے گی۔ سماعت 2 نومبرتک ملتوی کردی گئی۔