لندن اجلاس: مائنس نواز فارمولا مسترد

402

لندن( مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی دارالحکومت لندن میں ن لیگ کے اہم اجلاس میں مائنس نوازفارمولا مسترد کردیا گیا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ڈھائی گھنٹے طویل اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ،وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیرخارجہ خواجہ آصف اور نوازشریف کے دونوں صاحبزادے شریک ہوئے۔اجلاس میں پارٹی امور سمیت ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں مرکزی رہنماؤں نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ مائنس نواز شریف فارمولا کسی صورت بھی قبول نہیں کیا جائے گا،چاہے کسی بھی حد تک جانا پڑے ،مائنس نواز فارمولے پر مزاحمت کی جائے گی۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آئین پاکستان سے متصادم کوئی اقدام قبول نہیں کیا جائے گا، اگلے انتخابات کے لیے ن لیگ کے پوسٹر پر صرف نواز شریف کی تصویر ہوگی۔



اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پارٹی میں کوئی تقسیم ہے اور نہ ہی مائنس نوازفارمولا ۔ نواز شریف نے یہ بھی کہاکہ وہ احتساب عدالت میں پیش ہونے کے لیے 2 نومبر کو پاکستان جارہے ہیں۔ صحافیوں کے تابڑ توڑ سوالوں پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے الٹا صحافیوں پر ہی سوال داغ دیا کہ کون ن لیگ کو توڑ رہا ہے، کون شہباز شریف کو صدر بنارہا ہے؟ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف پارٹی صدر رہیں گے، انہی کی رہنمائی میں پارٹی الیکشن میں جائے گی۔