کوئٹہ: 2 چینی شہریوں کے اغوا اور قتل پر پاکستان کی شدید مذمت

163

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان نے بلوچستان میں اغوا کے بعد قتل کیے جانے والے 2 بے گناہ چینی شہریوں کی ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی پرزور مذمت کی ہے، ڈی این اے رپورٹ سے تصدیق ہوئی ہے کہ بلوچستان میں جون 2017ء میں مارے جانے والے 2 افراد وہی چینی شہری تھے جنہیں مئی 2017ء میں کوئٹہ سے اغوا کیا گیا تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق حکومت پاکستان نے چین کی حکومت، عوام اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت اس واقعے کی مکمل تحقیقات کرائے گی اور اس جرم کے مرتکب عناصر کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی پرزور مذمت کرتا ہے اور ہم دہشت گردی کی لعنت کے خلاف جنگ میں بھرپور معاونت پر چین کی حکومت کے مشکور ہیں۔