فیصل آباد میں جرائم میں اضافہ سیکورٹی اداروں پر سوالیہ نشان ہے

237

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 68کے قائم مقام امیر میاں زبیرلطیف نے کہا ہے کہ فیصل آبادشہر میں جرائم کی وارداتوں میں اضافہ پولیس اور سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس اورسیکورٹی اداروں کی ناقص کارکردگی کی بنا پر شہر ی سڑکوں اور گلی بازاروں میں لٹ رہے ہیں جس کی جماعت اسلامی بھر پور مذمت کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دن دہاڑے چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہو چکے ہیں۔شہر میں ڈاکو راج میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے پولیس اوردیگر سیکورٹی ادارے بے حسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں اور حکمرانوں نے پولیس سمیت دوسر ے قومی اداروں کے نظام کو تباہ وبرباد کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو اپنی پالیسیاں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ان کی ترجیح عوام کی جان ومال اور انسانی حقوق بنے نہ کہ بڑے بڑے منصوبہ جات، قرضے، کمیشن اور دولت کا حصول نہ ہو۔انہوں نے کہاکہ ملک میں صالح قیادت اور شریعت محمد یؐ کے نفاذ سے ہی معاشرے کی تمام خرافات کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ہمارے حکمران اپنا معیار زندگی بدلیں اور وی آئی پی کلچر کے بجائے اپنی توجہ عوام کی جان ومال کی حفاظت اور ان کی بنیادی ضروریات کی فراہمی پر مرکوز کریں۔شہر میںآدھے سے زیادہ پولیس اہلکار صرف وی آئی پیزکی ڈیوٹی پر مامور ہیں جو کہ عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔زبیرلطیف نے پنجاب کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ تھانوں اور گشت پر مامور پولیس کی نفری میں اضافہ کیا جائے، پولیس کو وی آئی پیز پروٹوکول کے بجائے عوام کے جان ومال کی حفاظت پر مامور کیا جائے،آن لائن ایف آئی آر سسٹم فوری نافذ کیا جائے اور پولیس اور سیکورٹی اداروں کو رشوت اور کرپشن سے پاک کیا جائے تب ہی معاشرے کو پرامن بنایا جا سکتا ہے۔