انتخابات سے قبل نئی حلقہ بندیوں پر اتفاق رائے‘ قومی اسمبلی کی 272نشستیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

352

اسلام آباد( خبرایجنسیاں +مانیٹرنگ ڈیسک ) پارلیمانی جماعتیں عام انتخابات سے پہلے نئی حلقہ بندیاں کروانے پر متفق ہوگئی ہیں جب کہ قومی اسمبلی کی کی موجودہ نشستیں 272 برقرار رکھنے کافیصلہ کیا ہے۔نئی حلقہ بندیوں کے مطابق مجوزہ آئینی ترمیم کے ذریعے پنجاب کی 9 نشستیں کم کر د ی جائیں گی۔ ان میں سے 5نشستیں صوبہ خیبر پختونخوا، 3 نشستیں بلوچستان اور ایک نشست اسلام آباد کو مل جائے گی جبکہ صوبہ سندھ کی نشستوں میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے فاٹا میں قومی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 11 ہے اور اس میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔منگل کو سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری شماریات اور نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ نشستوں کی تعداد میں ردوبدل کے حوالے سے ایک آئینی ترمیم 2 نومبر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کی جائے گی جہاں سے منظوری کے بعد اسے سینیٹ میں بھجوایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظوری کے بعد جب یہ ترمیم آئین کا حصہ بن جائے گی تو پھر اس پر کارروائی کے لیے الیکشن کمیشن اور متعلقہ حکام کو بھجوایا جائے گا جو نئی حلقہ بندیوں پر کام کریں گے۔