کرپشن کیس‘ حسن اور حسین نواز کے اثاثے قرق کرنے کا حکم

445

اسلام آباد(خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے حسن اور حسین نواز کے اثاثے قرق کرنے کا حکم دے دیا ہے۔عدالت نے یہ حکم قومی احتساب بیورو (نیب )کے پراسیکیوٹر افضل قریشی کی طرف سے دائر کی گئی درخواست پر دیا۔اس درخواست میں عدالت کوبتایا گیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دونوں صاحبزادے جنہیں متعلقہ عدالت نے اشتہاری قرار دیا ہوا ہے، عدالت میں پیش ہونے سے انکاری ہیں۔ اس درخواست میں ملزمان کے پاکستان میں 6مختلف کمپنیوں میں شیئرز کا بھی ذکر کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ سیکورٹی اینڈ اسٹاک ایکسچینج کی فہرست بھی لگائی گئی ہے جن میں حسن نواز اور حسین نواز کے شیئرز ہیں۔احتساب عدالت نے ایس ای سی پی کو دونوں بھائیوں کے شیئرز قرق کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اثاثوں سے متعلق مزید کارروائی 14 نومبر تک ملتوی کردی۔ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف کی ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ جس میں کہا گیاہے کہ درخواست کی باقاعدہ سماعت کی منظوری سے قبل نیب کو نوٹس جاری کیا جا رہا ہے۔ عدالت نے نوازشریف کے وکیل کو تینوں ریفرنسز میں عاید کی گئی فرد جرم کی کاپیاں2 نومبر کو پیش کرنے کی ہدایت کردی۔