تنزلی کی بڑی وجہ اہل افراد کا اہم عہدوں پر فائز نہ ہونا ہے‘ میاں مقصود

126
لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں15روپے تک اضافے کی سمری بھجوانا انتہائی قابل مذمت ہے۔اس سے غریب عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔ پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آجائے گا۔ 21 کروڑ عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیاں کھل کر سامنے آچکی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی تجویز کو مسترد کردیں۔ حکمران اگر عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرسکتے تو ان کے مسائل میں اضافہ بھی مت کریں۔ ناکام معاشی پالیسیاں ملک وقوم کے لیے نقصان کا باعث بن رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری نے غریب عوام کے لیے دووقت کی باعزت روٹی کمانا محال کردیا ہے۔

ملکی حالات اور معاشی مشکلات کے باعث ایک سال میں سیکڑوں افراد خود کشی کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل کی دولت سے مالا مال ملک ہے۔ معدنیات کے ذخائر کسی بھی ترقی یافتہ ملک کی نسبت سب سے زیادہ ہونے کے باوجود ان وسائل سے اس انداز میں استفادہ نہیں کیا جارہا جس انداز میں ہونا چاہیے۔ محب وطن قیادت کا فقدان ملک وقوم کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ جب تک دیانتدار قیادت میسر نہیں آجاتی، ہم ترقی نہیں کرسکتے۔ میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ لوٹ مار اور من پسند افراد کی بھرتیوں کی وجہ سے منافع بخش اداے خسارے کا شکار ہیں۔ اقربا پروری، رشوت ستانی اور موروثیت کے باعث نااہل افراد اہم عہدوں پر تعینات ہیں۔ تنزلی کی بڑی وجہ اہل افرادکا اہم عہدوں پر فائز نہ ہونا ہے۔ جب تک قومی اداروں میں اہم عہدوں پر تعیناتیوں کے لیے میرٹ کو یقینی نہیں بنایاجاتاملک ترقی نہیں کرسکتا۔