لاہور میں معصوم بچی کے ساتھ زیادتی اور تشویشناک ہے، میاں مقصود

634

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ سعودی حکومت کی طرف سے پاکستانی عمرہ زائرین پر بائیو میٹرک تصدیق اور 2 ہزار ریال کی شرائط عائد کرنے سے ہزاروں افراد شدید متاثر ہوئے ہیں۔ اس وقت پورے ملک میں عمرہ زائرین ٹکٹوں کی بکنگ کے باوجود شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان صرف واحد ملک ہے جہاں عمرہ زائرین کو بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے تصدیق کرانے کو کہا گیا ہے۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو سعودی حکومت سے ان سخت اور ناروا شرائط عائد کرنے پر شدید احتجاج کرنا چاہیے اور بائیو میٹرک تصدیق اور 2 ہزار ریال کی پابندی کو فی الفور ختم کروانا چاہیے۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے سبزہ زار لاہور کے علاقے میں معصوم اور کمسن بچی کے اغوا اور زیادتی کے بعد قتل کرنے کے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہونے والے اس دلخراش واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ لاہور سمیت صوبے بھر میں ایسے واقعات میں اضافہ لمحہ فکر اور حکومت سمیت قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی کے گھناؤنے واقعات بھی بدترین اور معاشرے میں پائی جانے والی بے راہ روی کی عکاسی کرتے ہیں۔ معاشرتی اصلاح کے لیے تمام اسٹیک ہولڈر اور بالخصوص علما کرام کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ ماضی میں بھی شیخوپورہ، قصور اور لاہور میں معصوم بچوں اور بچیوں کے ساتھ ناروا سلوک کی وارداتیں ہوتی رہی ہیں مگر گرفتاریوں کے باوجود آج تک کسی شخص کو قابل ذکر سزا نہیں دی جاسکی۔ صوبے میں لاقانونیت کی انتہا ہوچکی ہے۔ صرف 2013ء میں 7733 کیسز ایسے میڈیا میں رپورٹ کیے گئے جن میں خواتین کو ہراساں اور زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ رواں سال بھی درجنوں واقعات رپورٹس ہوچکے ہیں۔ کئی قوانین کی موجودگی میں بھی چائلڈ میرج کی خلاف ورزی اور تحفظ نسواں کی بے حرمتی کی جارہی ہے۔ ہراساں کرنے کے گھناؤنے واقعات میں زیادہ تعداد معصوم اور کمسن بچیوں کی ہے۔ اسمبلیوں سے قانون سازی تو کرالی جاتی ہے مگر عمل درآمد کو یقینی نہیں بنایا جاتا۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے ملک میں اسلامی قوانین کے نفاذ کو یقینی بنائے۔ اسلامی شرعی نظام زندگی کو اختیار کرنے اور ملک میں اللہ اور اس کے رسولؐکا قانون نافذ العمل کردینے سے ملک وقوم کو درپیش مسائل مکمل طور پر ختم ہوجائیں گے۔