یو کے اسلامک مشن کے تعاون سے ملک بھر میں صاف پانی کے 239 منصوبے مکمل

162

لاہور( وقائع نگار خصوصی) الخدمت فاؤنڈیشن کے صاف پانی پروگرام کے تحت ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ اوریوکے اسلامک مشن کے تعاون سے ملک بھر میں صاف پانی کے 239 منصوبے مکمل کرلیے گئے۔ان منصوبوں میں سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں 120 ہینڈ پمپس اور 52 کنویں ، آزاد کشمیراور گلگت بلتستان میں33 سب مرسبل اور20 گریویٹی فلو واٹرسپلائی اسکیم جبکہ سندھ میں 14 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب شامل ہے۔ان منصوبوں سے مجموعی طور پر 10ہزار5سو خاندان مستفید ہوں گے۔اس حوالے سے الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے اِن منصوبوں کا مقصدعوام کو اُن کے گھروں کے قریب پینے کے صاف پانی کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ الخدمت ملک بھر میں ہر علاقے کی مناسبت سے پینے کے صاف پانی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے جس سے اہلِ علاقہ کو جراثیم اور کثافتوں سے پاک اورگھروں سے قریب صاف پانی کی فراہمی ممکن ہوئی ہے۔پاکستان میں ہر صوبے اور ریجن کے کچھ نہ کچھ حصے صاف پانی کی قلت کا شکار ہیں جہاں پانی جیسی بنیادی ضرورت کی فراہمی ہم سب کا فرض ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن نے گزشتہ سال ملک بھر میں مجموعی طور پر 641 صاف پانی کے منصوبے مکمل کیے جس سے روزانہ 3لاکھ60ہزارافراد مستفید ہورہے ہیں۔