پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لیا جائے ،شمس الرحمن سواتی

112

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی کے ضلعی امیرشمس الرحمن سواتی نے کہا کہ عدالت عظمیٰ سے نااہل اوراحتساب عدالتوں سے فردجرم عائد ہونے کے بعد بھی ایک ملزم کیلیے شاہانہ پروٹوکول اوراس کی رہائش گاہ پر کروڑوں خرچ کیے جارہے ہیں جبکہ عوام کے لیے ہرماہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سمیت دیگر طریقوں سے مہنگائی بم گرایا جاتا ہے، عوام کے صبرکا پیمانہ لبریزہورہا ہے۔ اگر ن لیگ کی حکومت کی جانب سے عوام پر مسائل کے انبارلادنے کا سلسلہ بند نہ ہوا اور کرپٹ مافیا کا حقیقی احتساب ہوتا ہوا نظرنہ آیا تو خدا نخواستہ غصے اوربے بسی کا لاوا پھٹ سکتا ہے۔ جماعت اسلامی اس ملک میں ایک پرامن انقلاب چاہتی ہے لیکن شریف خاندان کے ہاتھوں یرغمال حکومت اور کنگ پارٹی شاید جان بوجھ کرایسے حالات پیدا کرنا چاہتی ہے کہ عوام ان کے گریبان میں ہاتھ ڈال کر انہیں محلات سے باہرنکالیں اور اپنے حقوق حاصل کریں۔ بحریہ ٹاؤن و دیگرعلاقوں میں اجتماعات سے خطا ب ووفود سے گفتگو کرتے ہوئے امیرضلع نے کہاکہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتیں کم ہوتی ہیں جبکہ پاکستان کا کرپٹ مافیا اپنی عیاشیوں کا بوجھ عوام پر ڈالنے کیلیے ہردن نیا منی بجٹ مسلط کرتا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ فی الفورواپس لیا جائے۔