اسلام آباد(خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب نے پاکستانی عمرہ زائرین کے لیے بائیو میٹرک کی شرط کو رواں سال 17دسمبر تک موخر کردیا۔ سعودی سفارت خانے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور پاکستانی قوم سعودی عرب کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے اور سعودی عرب پاکستانی قوم کے مفادات کو تمام معاملات پر فوقیت دیتا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بائیو میٹرک نظام پاکستانی عمرہ زائرین کو سہولت کی فراہمی کے لیے متعارف کرایا گیاتاکہ وہ جدہ میں شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائرپورٹ پر شناخت کے لیے طویل انتظار کے بغیر باآسانی ائر پورٹ سے باہر جاسکیں جبکہ بائیو میٹرک نظام کا طریقہ کار دنیا کے بیشتر ممالک میں رائج ہے تاہم زائرین کی بائیو میٹرک تصدیق فراہم کرنے کی ذمے دار کمپنی ’اعتماد‘ نے بغیر تیاری اور ضروری اقدامات کے فنگر پرنٹس لینے کا کام شروع کیا، جو عوام کی پریشانی کا باعث بنا۔سعودی سفارت خانے کے بیان میں مزید کہا گیا کہ عمرہ کے خواہش مند حضرات دسمبر سے قبل پرانے سسٹم (بغیر فنگر پرنٹ) کے تحت ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔یاد رہے کہ سعودی عرب نے پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کو 30 اکتوبر سے لازمی قرار دیا تھا۔